وزیراعلیٰ کی زیر صد ارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی گورننگ باڈی کا اجلاس،

ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی پلاٹنگ کا کام 8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی منظوری،فائل سسٹم کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا،ہائی رائز بلڈنگز کی پلاننگ کی پالیسی کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی

پیر 22 اپریل 2019 19:56

وزیراعلیٰ کی زیر صد ارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی گورننگ باڈی کا اجلاس،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں ایل ڈی اے سٹی فیزون کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے سٹی فیز ون کی پلاٹنگ کا کام 8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ایل ڈی اے میں خصوصی افراد کے بھرتی کے کوٹہ پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

فائل سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں 3 بس ٹرمینل بنائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویژن ماسٹر پلان 2040 کیلئے کنسلٹنٹ اور دیگر امور کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایل ڈی اے کے زیر اہتمام سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں اور شہر میں ہائی رائز بلڈنگز بنانے کیلئے طریقہ کار اور اصول و ضوابط وضع کرنے کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی رائز بلڈنگز کی پلاننگ کی پالیسی کیلئے مشاورتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اجلاس میں ایل ڈی اے کی حدود سے دیگر اضلاع کو نکالنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بیوٹیفکیشن پر خصوصی توجہ دی جائے اور شہر کے داخلی راستوں میں ٹریفک جام والے مقامات کی نشاندہی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ داخلی راستوں پر ٹریفک کی بلاتعطل روانی یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں اور کاغذوں پر پلاننگ نہیں بلکہ عملی اقدامات کرکے دکھائیں۔ عوام کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں تاخیر قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے سڑکوں پر روڈز سائن لگانا ضروری ہے اور سڑکوں پر روڈز سائن لگانے کے کام کو جلد مکمل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ شہر کے کاروباری مراکز کو اپ لفٹ کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بازاروں اور مارکیٹوں میں آمد و رفت میں آسانی کیلئے راستوں کو کشادہ کیا جا رہا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارکیٹوں میں فائر فائٹنگ کیلئے تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا جائے گا اور تجارتی و کاروباری مراکز کی صفائی اور خوبصورتی کیلئے آگاہی مہم شروع کی جا رہی ہے۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمودالرشید، چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمدعمران، ڈی جی ایل ڈی اے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، کمشنر لاہور ڈویژن، اراکین پنجاب اسمبلی عمر آفتاب، محمد عاطف، سعدیہ سہیل، سیکرٹری ہائوسنگ اور ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے دیگر اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں