پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پراعتماد کااظہار

وزارت اعلیٰ کا منصب عوام کی خدمت کیلئے وقف ہے‘رمضان المبارک میںعوام کو ریلیف دیںگے،کرپشن کرنیوالے عہدوں پر نہیں رہیںگے،نئے بلدیاتی نظام میںعوام بااختیار ہوںگے‘ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکا پارلیمانی پارٹی کے اجلا س سے خطاب

پیر 22 اپریل 2019 23:09

پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس‘ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پراعتماد کااظہار
لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 90شاہراہ قائداعظم میں پیرکے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا۔اجلاس میں اراکین اسمبلی نے نشستوں پر کھڑے ہوکر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔

اجلاس میں اراکین اسمبلی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اورساتھ کھڑے رہیںگے‘ہم وزیراعظم عمران خان اورعثمان بزدارکے سپاہی ہیں‘عثمان بزدار جیسا وزیراعلیٰ ہماری خوش قسمتی ہے ۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میںاس منصب کو اللہ تعالیٰ کی خاص مہربانی سمجھتا ہوں‘وزیراعظم عمران خان اورآپ نے مجھے وزیراعلیٰ منتخب کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزارت اعلی کامنصب عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے‘پنجاب اسمبلی میںقلیل مدت کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ قانون سازی کے عمل میں حصہ لینے پر آپ سب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں‘اضلاع میں جاکرصورتحال کاخود جائزہ لے رہا ہوں،تین دن دورے کیا کروںگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں نیا بلدیاتی نظام لارہے ہیں جو عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگا‘ نئے بلدیاتی نظام میںعوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوںگے اور اس سے پنجاب میں نئی تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹس کو ختم کر کے نیا نظام رائج کریںگے‘اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اب بھی سرخروہوںگے۔انہوںنے کہا کہ عوام کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے ‘عوامی خدمت کا سفر پوری قوت سے جاری و ساری رہے گا۔انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو ریلیف دیںگے‘وزراء اورسیکرٹریزرمضان بازاروں کے دورے کریںگے‘قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیازآپریشن جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوںسے متاثرہ علاقوں کا سروے کرایا جارہا ہے جس کے بعدکاشتکاروں کی ہرممکن مدد کرینگے۔انہوں نے کہاکہ کرپشن کرنیوالے عہدوں پر نہیں رہیںگے‘ہماری حکومت نے کرپشن کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں نئی تحصیلیں اوراضلاع بنانے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اورنئی تحصیلیں اوراضلاع بنانے کے حوالے سے اراکین اسمبلی کو بھی آن بورڈلیا جائے گا۔

ہر ضلع کے اراکین اسمبلی سے علیحدہ میٹنگ بھی کروںگا۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے قانون سازی کیلئے نمایاں کام کیا ہے ۔رواں سیشن میں پانچ بل پیش کیے جارہے ہیں۔ اراکین اسمبلی قانون سازی کے عمل میں بھر پورحصہ لیں ۔ اجلاس میں سیاسی امور ،پنجاب اسمبلی کے اجلاس کی حکمت عملی اوردیگر اہم معاملات بھی زیر غور آئے۔اجلاس میں سردار عثمان بزدار کے والدسردار فتح محمد خان بزدار‘ رکن پنجاب اسمبلی احمد علی دریشک کے والدکیلئے فاتحہ خوانی اوررکن پنجاب اسمبلی زارانقوی کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی گئی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں