رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال کیس:شہباز شریف اور حمزہ آج عدالت میں پیش ہونگے

سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات ‘سابق وزیراعلی پر اختیارات کاناجائزاستعمال کا الزام ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 23 اپریل 2019 10:26

رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال کیس:شہباز شریف اور حمزہ آج عدالت میں پیش ہونگے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اپریل۔2019ء) رمضان شوگر ملز کیس اور آشیانہ اقبال کیس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے. تفصیلات کے مطابق،منگل کو لاہور کی احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن رمضان شوگر ملز کیس اور آشیانہ اقبال ہاﺅسنگ اسکیم کیس کی سماعت کریں گے.

شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں‘احتساب عدالت کی جانب آنے والے تمام راستے کنٹینرزلگا کربندکردیئے گئے،پولیس کی بھاری نفری احتساب عدالت کے اطراف تعینات کی گئی ہے، لیڈی پولیس اہلکار بھی احتساب عدالت میں تعینات ہے.

(جاری ہے)

عدالت نے شہباز شریف کوآشیانہ اوررمضان شوگرملز کیس میں طلب کر رکھا ہے جبکہ حمزہ شہباز کو رمضان شوگر ملز کیس میں طلب کیا گیا ہے.

دونوں ملزمان گزشتہ بار9اپریل کونیب عدالت میں پیش ہوئے تھے،شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوں گے. احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے گواہان کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 23 اپریل تک ملتوی کی تھی. گزشتہ سماعت پر شہباز شریف اورحمزہ شہباز پر فرد جرم عائدکی گئی،شہبازشریف پر رمضان شوگرمل کیس میں اختیارات کاناجائزاستعمال کا الزام ہے‘نیب پراسیکیوٹرکا کہنا تھا کہ قومی خزانے کو 21 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، رمضان شوگرملزکے لئے سرکاری خزانے سے نالہ تعمیرکیاگیاتھا.

یاد رہے کہ رواں سال 14 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے شہبازشریف کو آشیانہ ہاﺅسنگ اسکیم اور رمضان شوگر ملز میں ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا. بعدازاں شہبازشریف نے صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت کا فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ایک مرتبہ پھر ہم پرکرم فرمایا. شہبازشریف کا کہنا تھا کہ میں اپنی والدہ، بڑے بھائی نوازشریف، اپنے خاندان اور پاکستان کے عوام اور مسلم لیگ ن کے کارکن کا بے حد شکرگزار ہوں کہ انہوں نے اپنی دعاﺅں میں مجھے یاد رکھا.

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں