ن لیگ میں فارورڈ بلاک کی تصدیق، پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں 19 اراکین اسمبلی غیر حاضر

سینئیر صحافی و تجزیہ کار مبشر لقمان نے مزید تفصیلات بتا دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 23 اپریل 2019 14:49

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 اپریل 2019ء) : نجی ٹی وی چینل پر اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سینئیر صحافی و تجزیہ کار مبشر لقمان نے کہا کہ میں نے گذشتہ ہفتے جمعہ کے روز ایک خبر دی تھی کہ جب مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہو گا تو اُس میں یا تو فارورڈ بلاک بنے گا یا لوگ آنے سے انکار کر دیں گے اور ایسا ہی ہوا۔ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا تو اُس میں دو مرتبہ تاخیر کرنے کے باوجود مسلم لیگ ن کے 19 کے قریب اراکین اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔

خاص بات یہ ہے کہ مسلم لیگ ن کے لاہور سے پانچ ، چھ ممبران نے بھی اجلاس میں شرکت نہیں کی اور اجلاس میں آنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے براہ راست ہی کہہ دیا کہ انہیں حمزہ شہباز پر بڑے اعتراضات ہیں، اور حمزہ شہباز ہمیں لیڈر کے طور پر قابل قبول نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

مبشر لقمان نے بتایا کہ خاص طور پر سہیل شوکت بٹ اور بلال یاسین جن کا تصور مسلم لیگ ن کے پہلوانوں میں ہوتا ہے، نے برملا اجلاس میں شرکت سے انکار کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہو سکتا ہے کہ بلال یاسین اور سہیل شوکت بٹ مسلم لیگ ن میں بننے والے فارورڈ بلاک کا حصہ نہ بنیں۔ لیکن انہوں نے حمزہ شہباز کی لیڈر شپ پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ مبشر لقمان نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ ن کے جنوبی پنجاب کے کافی زیادہ رہنماؤں نے عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ آنے والے دنوں میں اس حوالے سے مزید اس طرح کی خبریں متوقع ہیں۔ یہی نہیں بلکہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں کئی لوگ ایسے تھے جو آئے اور حاضری لگوا کر نکلے اور غائب ہو گئے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے اندر فارورڈ بلاک بننے سے متعلق کئی خبریں گردش کر رہی ہیں جبکہ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا بھی دعویٰ کر چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں