چیچہ وطنی کے نواحی گائوں میں گندم کٹائی مہم کا افتتاح، وزیراعلیٰ نے کمبائن ہارویسٹر چلایا، درانتی سے خوشے کاٹے

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کماند گائوں میں 20 بسترو ںکا ہسپتال، گرلز کالج اور 20 کلومیٹر طویل سڑک بنانے کا اعلان گندم خریداری کیلئے 130 ارب روپے مختص، دانہ دانہ خریدیں گے، خریداری مہم کا ٹارگٹ بڑھانا پڑا تو بڑھائیں گے وعدے پورے کرینگے، ایگریکلچر کریڈٹ کارڈ لائینگے، نہری پانی کے مسئلے کو حل کرینگے، آبپاشی کیلئے 9 فیصد زیادہ فنڈز دینگے -مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کیا جا چکا ہے، رمضان المبارک میں عوام کو سہولت کیلئے پیکیج دیں گے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی کماند میں گندم کٹائی مہم کی کامیابی کیلئے دعا، تقریب سے خطاب، میڈیا سے گفتگو

منگل 23 اپریل 2019 22:47

چیچہ وطنی کے نواحی گائوں میں گندم کٹائی مہم کا افتتاح، وزیراعلیٰ نے کمبائن ہارویسٹر چلایا، درانتی سے خوشے کاٹے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چیچہ وطنی کے نواحی گائوں 69 ۔بارہ ایل ۔کماند میں گندم کٹائی مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود کمبائن ہارویسٹر چلا کر گندم کی کٹائی کی اور درانتی پکڑ کر اپنے ہاتھ سے گندم کے خوشے کاٹے اور صوبے میں گندم کٹائی مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاح کے بعد گندم کٹائی مہم کی کامیابی اور کاشتکار کیلئے خیر و برکت کی دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گندم کٹائی مہم کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کماند گائوں میں 20 بستروں کا ہسپتال، بچیوں کیلئے گرلز کالج اور 20 کلو میٹر طویل سڑک بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محض شو بازیاں کرنے سے کوئی خادم اعلیٰ نہیں بن سکتا۔

(جاری ہے)

اعلان کرنے سے نہیں ،عوام کی فلاح و بہبود کے کام کرنے سے ہی خادم اعلیٰ بنا جاتا ہے۔ماضی میں شو بازیاں ہوتی رہیں اور جعلی کام کئے گئے۔ہمیں شو بازیاں آتی ہیں نہ جعلی کام، صرف عوام کی خدمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو افسر عوام کی خدمت کرے گا، اسے شاباش دوں گا۔جو افسر عوام کی خدمت نہیں کرے گا وہ ہماری ٹیم میں نہیں رہے گا۔برسوں سے پھیلی ہوئی خرابیاں ٹھیک کریں گے۔

جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے۔عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت کسانوں سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی۔پنجاب حکومت ایگریکلچر کریڈٹ کارڈ سکیم شروع کی جائے گی۔ پنجاب میں نہری پانی کے مسئلے کو مکمل طور پر حل کیا جائے گا۔کسانوں کو پانی کی فراہمی کیلئے زیادہ فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔

بجٹ میں آبپاشی کیلئے 9 فیصد زیادہ فنڈز مختص کئے جا رہے ہیں۔آبپاشی کے نظام میں بہتری سے ٹیل کے کاشتکاروں کو پانی میسر آئے گا۔ گندم خریداری کیلئے 130 ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ گندم کا دانہ دانہ خریدیں گے۔کاشتکار کی سہولت کیلئے گندم خریداری کا ٹارگٹ بڑھانا پڑا تو بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں لوکل گورنمنٹ ایکٹ پیش کر دیا گیا ہے۔

صوبے بھر میں 22 ہزار سے زائد پنچائتیں قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں بتدریج انصاف صحت کارڈ سکیم لائی جا رہی ہے۔ انصاف صحت کارڈ سکیم تیسرے فیزمیں ساہیوال بھی شامل ہوگا۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو متحرک کیا جا چکا ہے۔ رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کیلئے رمضان پیکیج دے رہے ہیں۔ کماند میں گندم کٹائی مہم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی باتیں محض افواہیں ہیں۔

آپ جانتے ہیں کل تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کارکردگی نہ دکھانے والے وزراء کو فارغ کر دیا جائے گا۔وزیراعظم دورہ ایران کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ صوبائی وزراء ملک نعمان احمد لنگڑیال، سید صمصام علی بخاری ، تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز، نوریز شکور اور دیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں