علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

نیب کو خطرہ ہے کہ ضمانت ہو جانے پر وہ ملک سے فرار ہو جائیں گے

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 24 اپریل 2019 07:18

علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2019ء)   پی ٹی آئی کے راہنما علیم خان کی قسمت ابھی بھی برے حالات کاشکار ہے۔ایک تو وہ وزارت کے مزے لوٹنے میں ناکام رہے اور دوسرا جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی۔یہی نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے ورکرز بھی اب ان کا نام نہیں لیتے۔گزشتہ الیکشنز کی گہما گہمی میں جہاں اپوزیشن کے خلاف نیب اور عدلیہ ایکٹو ہوئی ہوئی تھی وہاں کچھ پی ٹی آئی کے ارکان کے خلاف بھی تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

پی ٹی آئی راہنماﺅں میں علیم خان اور جہانگیر رین کا نام سرفہرست تھا۔جہانگیر ترین تو نااہل ہوئے اور جیل کی ہوا کھائے بغیر سکون سے جا کر گھر بیٹھ گئے جبکہ علیم خان کو جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی اور ان کا پیچھا نیب نے ابھی تک نہیں چھوڑا۔علیم خان کو آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے اور آف شور کمپنیوں کی جواب طلبی کے لیے نیب نے اپنے شکنجے میں جکڑا تھا جس سے وہ آج تک باہر نہیں نکل پائے۔

(جاری ہے)

ابھی نیب افسران نے اپنے ہیڈ کوارٹر خط بھیجا ہے کہ ان کے ملزم علیم خان پر آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کا کیس چل رہا ہے تو انہیں خدشہ ہے کہ اگر ان کی ضمانت ہو جاتی ہے تو یہ ملک سے فرار ہو جائیں گے اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔نیب ہیڈ کوارٹر نے یہ درخواست وزارت داخلہ کو بھیج دی ہے کہ ان کے ملزم کو ضمانت ملنے کے بعد کسی صورت ملک سے باہر نہ جانے دیا جائے اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا جائے۔

تاہم وزارت داخلہ نے ابھی اس درخواست پر کسی قسم کی کوئی کارروائی نہیں کی جبکہ نیب علیم خان کا نام ای سی ایل میں ڈلوانے کے لیے متحرک ہوچکی ہے۔علیم خان کو آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کے الزام میں نیب نے اپنی تحویل میں لے رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں