نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کرنے کی منظوری قابل ستائش ہے‘سردار محمد آصف نکئی

و زیر اعظم عمران خان کی دانشمندانہ قیادت کی وجہ سے ملک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے‘صوبائی وزیربرائے مواصلات و تعمیرات

بدھ 24 اپریل 2019 15:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) صوبائی وزیربرائے مواصلات و تعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے کہا کہ پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی بورڈ کی جانب سے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت دسمبر 2019ء تک پنجاب کے مختلف شہروں میں ڈیڑھ لاکھ گھروں کی تعمیر شروع کرنے کی منظوری قابل ستائش ہے،نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے تحت لاکھوں بے گھرافراد کو چھت ملے گی۔

آصف نکئی نے کہا کہ و زیر اعظم عمران خان کی دانشمندانہ قیادت کی وجہ سے ملک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ عمران خان ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے کے لئے غیر معمولی فیصلے کرنے سے گریز نہیں کریںگے ۔ حکومت ملک وقوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے اور سرزمین وطن پر معاشی واقتصادی انقلاب برپا کرنے کے لئے اپنی تمام توانائیاں وقف کئے ہوئے ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لئے شب وروز کوشاں ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روٹی ، کپڑا،مکان اور آشیانہ کے نعرے لگانے والوں نے عوام کو لالی پاپ ہی دیئے ۔وزیرِاعظم عمران خان اور وزیر اعلی عثمان بزدار کی زیرِ قیادت پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں حقیقی معنوں میں ترقی لارہی ہے۔ موجودہ حکومت نے غریب اور پسماندہ علاقوں کے باسیوں کا معیار بلند کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی بہبود کے تمام منصوبہ جات بروقت مکمل کیے جائیں گے۔ عوام کی زندگیوں میں واضح تبدیلی لانا پی ٹی آئی کی حکومت کا منشور ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں