وزیراعظم عمران خان کی زبان کابار بار پھسلنا بڑا خطرناک اور جمہوری پارلیمانی نظام کے لیے رسک ہے ‘لیاقت بلوچ

موبائل فون پر عائد ظالمانہ ٹیکس پر سپریم کورٹ نے عارضی ریلیف ختم کردیاہے ، حکومت عوام سے پہلے ہی ہر سہولت اور خوشی چھین رہی ہے

جمعرات 25 اپریل 2019 15:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زبان بار بار پھسل رہی ہے ،وزارت عظمیٰ کے حلف میں خاتم النبیین ؐ ، امریکی حکام سے ٹیلی فونک گفتگو ، سعودی عرب اور ایران کے دورہ ، افغانستان پر موقف کے اظہار پر زبان پھلستی رہی لیکن ان کا اپوزیشن جماعتوں اور قیادت کے لیے زبان کا مسلسل پھسلنا بڑا خطرناک اور جمہوری پارلیمانی نظام کے لیے رسک ہے ۔

دینی ،سیاسی اور سماجی رہنمائوں کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ موبائل فون پر عائد ظالمانہ ٹیکس پر سپریم کورٹ نے عارضی ریلیف ختم کردیاہے ۔ حکومت عوام سے پہلے ہی ہر سہولت اور خوشی چھین رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اصل مسئلہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ مشرف ، بے نظیر ، زرداری اور نوازشریف ادوار میں ظالمانہ عوام دشمن معاہدے ہیں۔ عمران خان دور میں آئی ایم ایف سے معاہدہ اور قرضوں کا ناقابل برداشت بوجھ بھی عذاب بن رہاہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ سری لنکا میں دہشتگردی میں 360 بے گناہ انسان لقمہ اجل بن گئے ۔ امریکہ یورپ اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کسی غیر معمولی سرگرمی کا اظہار نہیں کیا اس لیے کہ سری لنکا پسماندہ ، ترقی پذیر ، غیر مسلم ملک ہے ۔ عالمی برادری کو تعصبات اور انسان مخالف رویے ترک اور احترام انسانیت برابری کی بنیاد پر کرناچاہیے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں