لاہور ہائی کورٹ،حمزہ شہباز کی 3 مختلف الزامات میں عبوری ضمانت میں 8 مئی تک مزید توسیع

جمعرات 25 اپریل 2019 22:20

لاہور ہائی کورٹ،حمزہ شہباز کی 3 مختلف الزامات میں عبوری ضمانت میں 8 مئی تک مزید توسیع
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی 3 مختلف الزامات میں عبوری ضمانت میں 8 مئی تک مزید توسیع کر دی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ حمزہ شہباز کے وکیل سلمان بٹ نے منی لانڈرنگ کے الزامات میں ضمانت پر دلائل دیئے اور اعتراض اٹھایا کہ ابھی تک متعلقہ دستاویزات فراہم نہیں کی گئیں۔

عدالتی استفسار پر حمزہ شہباز کے وکیل نے بتایا کہ انہیں اپنے موکل کی گرفتاری کی وجوہات، انکوائری شروع کرنے کے احکامات اور فیڈرل مانیٹرنگ یونٹ کی دستاویزات نہیں ملیں۔ نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے نشاندہی کی کہ فیڈرل مارنیٹرنگ یونٹ کی دستاویزات خفیہ ہیں اس لیے حمزہ شہباز کو فراہم نہیں کی جا سکتیں۔

(جاری ہے)

لاہور ہائی کورٹ نے نیب کو تحقیقات اور وارنٹ گرفتاری سے متعلقہ دستاویزات کی فراہمی کا حکم دیتے ہوئے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 8 مئی تک مزید توسیع کر دی۔

دوسری جانب حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ نیب، نیازی گٹھ جوڑ نے معیشت کا برا حال کر دیا۔ نیب اورمنشا بم میں کوئی فرق نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان اس دن سے ڈرو جب قوم تمہارا احتساب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے اساتذہ کوہتھکڑیاں لگا کر قوم کو شرمندہ کیا۔ پلی بار گین کو بھتہ خوری کا نظام بنایا گیا۔ نیب کا احتساب قوم کرے گی۔

نیب کی حرکتوں کی وجہ سے سرمایہ کاربھاگ گئے ہیں۔ آج معیشت کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے۔وزیراعظم عمران خان اس دن سے ڈرو جب قوم تمہارا احتساب کرے گی۔ دعا کرتا ہوں اللہ ان کے شر سے قوم کو محفوظ رکھے۔ یہ کھلاڑی نہیں کھلنڈرا ہے۔اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں ڈالر کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔ رمضان میں مہنگائی کا جن بوتل سے باہرنکلنے والا ہے اور بجلی، گیس، 80 فیصد مہنگی ہونے والی ہے۔نئے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو حکومت میں آنے سے پہلے نالائق کہتے تھے اب یہ ان کو اچھے لگنا شروع ہو گئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں