جعلی گیس بلوں کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنا کر لوٹا گیا جو قابل مذمت اور شرمناک ہی: ذکر اللہ مجاہد

نیا بلدیاتی نظام پارٹی یا افراد کو فائدہ پہنچانے کی بجائے عوام کیلئے مفید بنایا جائے موبائل کارڈز اور دیگر ضروریات زندگی پر ٹیکس کااطلاق حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ، امیر جماعت اسلامی لاہور

جمعرات 25 اپریل 2019 23:01

جعلی گیس بلوں کے ذریعے قوم کو بے وقوف بنا کر لوٹا گیا جو قابل مذمت اور شرمناک ہی: ذکر اللہ مجاہد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام پارٹی یا افراد کو فائدہ پہنچانے کی بجائے عوام کیلئے مفید بنایا جائے۔ ضلعی نظام کو ختم کرکے صر ف تحصیل کے نظام کو اختیار دینا ضلعی نظام کی طاقت کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔ ممبران قومی اسمبلی کو نوازنے اور نچلی سطح پر طاقتوار بنانے کی بجائے نئے بلدیاتی نظام کو مستحکم بنایا جائے ۔

ممبران صوبائی و قومی اسمبلی گلی محلوں اور گٹروں کی تعمیرات کی بجائے ملک و قوم کے مفاد کیلئے مثبت پالیسیوں پر توجہ دیں ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں جماعت اسلامی سیاسی کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر سیاسی کمیٹی ضیاء الدین انصاری ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی عامر نثار خان ، نائب صدورسیاسی کمیٹی حافظ سلمان بٹ، وقار ندیم وڑائچ، ممبران سیاسی کمیٹی چوہدری منظور حسین گجر، چوہدری محمد شوکت، خالد احمد بٹ، شاہد نوید ملک، چوہدری ذوالفقار ایڈوکیٹ، غلام حسین بلوچ، ملک الیاس، ڈاکٹر شمشاد، چوہدری عبدالقیوم گجرو دیگر عہدیداران نے شرکت کی ۔

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ موبائل کارڈز پر ٹیکس کا اطلاق حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔ نااہل حکومتی ٹیم نے ہر محاذ پر ملک و قوم کو مزید تنزلی کی طرف دھکیل دیا ہے ۔ حکومت کی تبدیلی عوام کو تحفظ اور انسانی بنیادی حقوق دینے میں مکمل نا کام ہوچکی ہے ۔موجود ہ حکومت کی جانب سے جعلی گیس بلوں کے ذریعے حکومتی سطح پر قوم کو بے قوف بنا کر لوٹا گیا جو قابل مذمت اور شرمناک ہے۔ ہر روز کسی نہ کسی مد میں ٹیکسوں کے طوفان نے مہنگائی کے جن کو بے قابو کر دیا ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کی چیخیں نکلوا رہے ہیں جس کی جماعت اسلامی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں