دیانتدار قیادت اور پرعزم کوششوں سے تمام بحرانوں پر قابو پائیں گے

صدرعارف علوی کاگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب

جمعہ 26 اپریل 2019 00:40

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دیانتدار قیادت اور پرعزم کوششوں سے تمام بحرانوں پر قابو پائیں گے تاہم اس ضمن میں قوم کو حکومت کو وقت دینا چاہیئے ۔ وہ جمعرات کی شب پاکستان تحریک انصاف کے 23 ویں یوم تاسیس کے موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے گورنر ہائوس میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک وزیراعظم عمران خان کی زبردست قیادت میں تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے، دنیا اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ماضی کی حکومتوں کی طرح کرپٹ نہیں ہے۔ صدر نے کہا کہ قوموں کی برادری میں پاکستان کا تشخص نمایاں طور پر بہتر ہوا ہے جبکہ سفارتی سطح پر کی جانے والی کوششیں بھی ماضی کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ اس لئے ممکن ہوا کیونکہ دیانتدار قیادت کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع آج مضبوط ہاتھوں میں ہے، بھارت نے جب بھی مداخلت کی کوشش کی ہماری مسلح افواج نے انہیں منہ توڑ جواب دیا۔ صدر مملکت نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر چوہدری محمد سرور کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے مسائل حل کر رہے ہیں اور عوام کے لئے ان کی وابستگی غیر معمولی ہے۔

پنجاب کے گورنر محمد سرور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کر دیا ہے۔ انہوں نے 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیراعظم نے جیسا کہا کرپشن کے خلاف ہماری جنگ 23 سال سے جاری ہے اور یہ نتیجہ خیز ہو گی اور لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لی جائے گی۔

وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار اور گورنر سرور پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا منفی پروپیگنڈا ملک کی ترقی میں رکاوٹ ہے۔ اپوزیشن ماضی میں اپنی ناپاک عزائم میں ناکام ہو چکی ہے اور آئندہ بھی ناکام ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان ترین پارٹی کا اثاثہ ہیں، وہ اپنی ذاتی مصروفیات کی وجہ سے شریک نہیں ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور ہم مل کر ملک کی ترقی اور بہتری کے لئے کام کریں گے۔ اس موقع پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی میاں محمود الرشید، سید صمصام بخاری، حافظ ممتاز احمد، اختر خان، فرخ حبیب، فیاض الحسن چوہان، وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان شہباز گل اور دیگر بھی موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں