پنجاب میں وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کو ہٹائے جانے کی پیشن گوئی کر دی گئی

پنجاب میں گذشتہ نو ماہ سے کوئی کام ہوتا نظر نہیں آیا۔ پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 26 اپریل 2019 11:59

پنجاب میں وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب کو ہٹائے جانے کی پیشن گوئی  کر دی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 اپریل 2019ء) : پنجاب میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو ہٹائے جانے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں تاہم اب اس حوالے سے پیش گوئی بھی کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کو جلد ان کے عہدوں سے ہٹا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران کوئی کام ہوتا نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ کے لیے گورننس کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ عثمان بزدار کی کمزوری کے باعث گورننس اور ترقیاتی کاموں پر بُرا اثر پڑا ہے۔ جس معاملے پر زیادہ تردیدیں آتی ہیں اس میں ضرور کوئی نہ کوئی بات ہوتی ہے۔ اس سے قبل اسد عمر کو ہٹائے جانے کی خبروں پر بھی حکومت کی جانب سے بارہا تنقید کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پنجاب میں موجود ہمارے اپنے دوستوں ، ایم پی اے اور ایم این اے نے ہمیں کہا کہ ہمیں خود سمجھ نہیں آرہی کہ ہو کیا رہا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اپنا منصب سنبھالنے کے بعد سے کسی نہ کسی بات کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا منصب سنبھالنے کے بعد سردار عثمان بزدار کی وجہ سے وزیراعظم عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور کہا گیا کہ عمران خان نے ایک نا تجربہ کار شخص کو وزیراعلیٰ پنجاب کا عہدہ دے دیا ہے لیکن اس ساری تنقید کے باوجود عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب کی حمایت کی اور انہیں اپنی ٹیم کا وسیم اکرم قرار دیا جبکہ کچھ عرصہ سے گورنر پنجاب کے پی ٹی آئی قیادت سے اختلافات اور ان کو ہٹائے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں لیکن گورنر پنجاب اس حوالے سے بارہا تردید کر چکے ہیں ۔

سیاسی حلقوں میں یہ بات کی جا رہی ہے کہ عنقریب وزیراعلیٰ پنجاب یا گورنر پنجاب میں سے کسی ایک کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا تاہم پی ٹی آئی نے ان افواہوں کی تردید کر دی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں