موجودہ حکومت چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھر پور صلاحیت رکھتی ہے

عمران خان نے پاکستان کو ورلڈ کپ اور شوکت خانم کی صورت میں بہت کچھ دیا، اسد قیصر

جمعہ 26 اپریل 2019 14:24

موجودہ حکومت چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھر پور صلاحیت رکھتی ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں اس وقت بین الاقوامی چیلنجز کا سامنا ہے، موجودہ حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔عمران خان وہ لیڈر ہیں ،جنہوں نے پاکستان کو ورلڈ کپ اور شوکت خانم کی صورت میں بہت کچھ دیا۔اخوت ملک اور قوم کیلئے بہت بڑا کام کر رہی ہے۔

حکومت ایسے فلاحی و رفاعی اداروں کا بھر پور ساتھ دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اخوت کالج یونیورسٹی قصور کے دورہ کے موقع پر خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر بانی چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب،پروفیسر ہمایوں احسان،ڈاکٹر کامران شمس،ڈاکٹر اظہار الحق ،پرنسپل کالج شیر افگن شہزاد اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں یہاں آکر بہت خوشی ہوئی کہ آپ بہت بڑا کام سر انجام دے رہے ہیں اور ایسے کام اللہ تعالی کی رحمت کے بغیر ممکن نہیں،میری دلی خواہش ہے کہ میں ان لوگوں کا سفیر بنوں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے کام کیلئے بڑے نام کی ضرورت نہیں ہوتی آپ کی محنت کوشش اور جذبہ آپ کو آگے لیکر جاتا ہے، آپ نیکی کے کام کیلئے ایک قدم آگے بڑھاتے ہیں تو اللہ تعالی آپ کی مدد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ سمت درست کریں اور ویژن بنائیں کہ میں نے کیا بننا ہے، چھوٹی سوچ سے نکلیں اور ملک کیلئے بڑی سوچ رکھیں، آپ کا ہرفیصلہ عوام کے لیے ہو، تاکہ اپنے آپ سے نکل کر دوسروں کیلئے کام کرسکیں ۔

اسد قیصر نے طالب علموں سے کہا کہ انشااللہ آپ میں سے ہی ایسے لوگ ہوں گے جو ملک کی تاریخ بدلیں گے ۔عمران خان نے اپنے لیے جائیدادیں نہیں بنائیں بلکہ جوکچھ بھی کیا ملک وقوم کے لیے کیا، جس طرح انہوں نے کرکٹ میں ملک کا نام روشن کیا اسی طرح اب وہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔قبل ازیں بانی چئیرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقت نے سپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بتایا کہ اخوت نے ملک کے 48اضلاع میں سے ہر صوبہ کے بچوں کو اکھٹا کرکے یونیورسٹی میں ایک چھوٹا پاکستان قائم کررکھا ہے، جہاں بغیر فیس کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے ،تاکہ یہ ملک کیلئے خدمت کرسکیں ۔

بعدازاں سپیکر قومی اسمبلینییونیورسٹی کی عمارت کا دورہ کیا ، آخر میں اخوت کے بورڈآف ڈائریکٹر نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو اخوت کالج یونیورسٹی کا سووینیر پیش کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں