سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کافائونٹین ہاوس کا دورہ ،

"عائشہ صدیقہ کومپیشن ہومز" کے نئے بلاک کا افتتاح خصوصی افراد کیلئے قانون سازی کے ذریعے قوم کو اچھا تحفہ دینگے، اسد قیصر

جمعہ 26 اپریل 2019 17:02

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کافائونٹین ہاوس کا دورہ ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جمعتہ المبارک کے روز فاروق آباد میں فائونٹین ہاوس کا دورہ کیا اور "عائشہ صدیقہ کومپیشن ہومز" نئے بلاک کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر بانی چئیرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب، ایم ایس فاؤنٹین ہاؤس ڈاکٹر سید عمران مرتضٰی،پروفیسر ہمایوں احسان، ڈاکٹر کامران شمس، ڈاکٹر اظہار الحق ہاشمی، عائشہ عمران اور دیگر بھی موجود تھے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی لوگوں سے مل کر روحانی تسکین ملی، اسمبلی کا اجلاس چھوڑ کر ان خصوصی افراد سے ملاقات کرنے آیا ہوں،خصوصی افراد کیلئے قانون سازی کے ذریعے قوم کو اچھا تحفہ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی مدد کرنے والوں کی وجہ سے ہی یہ ملک آباد ہے۔

(جاری ہے)

اسد قیصر نے کہا کہ دوسروں کی مدد کرنے والے دنیا کیلئے رول ماڈل ہیں، عمران خان نے شوکت خانم کیلئے چندہ اکٹھا کرنا شروع کیا تب میں کالج میں پڑھتا تھا، سیاست میں آنے کی وجہ شوکت خانم ہسپتال ہے ۔

انہوںنے کہاکہ غریبوں اور خصوصی افراد کیلئے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔سپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ فائونٹین ہاؤس کیلئے اعزازی طور پر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں خصوصی ویلج بنا رہے ہیں جس میں تمام سہولیات مہیا کی جائیں گی، مشکل فیصلے کرنے کا مقصد ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فائونٹین ہاؤس کی انتظامیہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

قبل ازیں ایم ایس فائونٹین ہاؤس ڈاکٹر سید عمران مرتضٰی نے بتایا کہ فاؤنٹین ہاؤس (ادارہ برائے ذہنی صحت) 1971ء سے پاکستان بھر سے تعلق رکھنے والے ذہنی امراض میں مبتلا افراد کو علاج معالجے اور بحالی کی معیاری سہولیات مہیا کر رہا ہے۔ علاج معالجے اور بحالی کی یہ سہولیات ان ڈور کے ساتھ ساتھ آوٹ ڈور بنیادوں پر مہیا کی جاتی ہیں جس میں مستحق ممبرز (مریضوں) کو تمام سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں ۔

فائونٹین ہاؤس کے ہسپتال لاہور کے علاوہ فاروق آباد (شیخوپورہ) اور سرگودھا میں واقع ہیں اور ذہنی امراض میں مبتلا دکھی انسانیت کی خدمت میں سرگرم ِ عمل ہیں۔فاؤنٹین ہاؤس کی جنرل باڈی ، ایگزیکٹیو ممبران اور ادارے سے منسلک درد دل رکھنے والے مخیر حضرات کی مدد اور تعاون سے فائونٹین ہاؤس نے اپنے فاروق آباد میں واقع ہسپتال میں پیدائشی طور پر ذہنی معذور بالغ بچیوں کیلئے طویل مدتی رہائشی منصوبہ تعمیر کیا ہے جس کا نام "عائشہ صدیقہ کومپیشن ہومز" ہے۔

اِس کا مقصد پیدائشی طور پر ایسی ذہنی معذور بالغ بچیوں جن کے گھر پر مکمل دیکھ بھال کرنے کیلئے اٴْن کے والدین میں سے ماں یہ باپ یا دونوں وفات پا چکے ہوں یا دیگر عزیزوں میں سے کوئی ذمہ داری لینے کو تیار نہ ہو ، اٴْن کیلئے ایک طویل مدتی کئیر ہوم ہے جس میں اٴْن کی ذہنی و جسمانی معذوری کے مکمل علاج معالجے اور بحالی کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر 10 گھروں میں سے 02 گھر مکمل طور پر تیار ہیں جن میں تقریباً40 بچیوں کے رہنے کی جگہ فراہم کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں