مسائل کا حل صدارتی یا پارلیمانی نہیں اسلامی نظام ہے‘سینیٹر سراج الحق

ہمارا سارا نظام سودکی بنیاد پر چل رہا ہے سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت نہ ترقی کرسکتی ہے نہ ٹھیک ہوسکتی ہے اسلامی نظام معیشت کی بجائے سودی معیشت اپنانے کی وجہ سے ہر بچہ مقروض اور ہر پاکستانی کے ہاتھوں میں ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں ہیں ‘امیر جماعت اسلامی

جمعہ 26 اپریل 2019 18:54

مسائل کا حل صدارتی یا پارلیمانی نہیں اسلامی نظام ہے‘سینیٹر سراج الحق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سینتیس سال تک صدارتی اور باقی آدھی مدت کیلئے نام نہاد جمہوری اور پارلیمانی نظام رہا ،ایوب خان ،جنرل ضیاء الحق اور جنرل مشرف پورے اختیارات کے ساتھ صدر رہے مگر مسائل حل نہیں ہوسکے ،آج جو لوگ صدارتی نظام کے حق میں دلائل دے رہے ہیں وہ قومی تاریخ سے بے بہرہ ہیں،جمہوریت کے نام پر بار بار چوروں کا ٹولہ اقتدار پر قابض ہوجاتا ہے جو ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیتے رہے ہیں ،موجودہ حکومت نے بھی اب تک احتساب کے نام پر قوم سے مذاق کیا ہے ،ہمارے مسائل کا حل صدارتی یا پارلیمانی نظام نہیں اسلامی نظام ہے لیکن آج تک ملک میں ایک دن کیلئے بھی اسلامی نظام کو نہیں آزمایا گیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب تک کی حکومتی کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ حکومت کے پاس باتوں اور دعوئوں کے سوا کچھ نہیں ،پاکستان کومدینہ کی طرز کی ریاست بنانے اور قرضوں سے نجات دلا نے کے خواب دکھانے والوں نے عوام کو سخت مایوس کیا ہے۔آپ ؐپر ایمان و عشق کا تقاضاہے کہ اس نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کریں جس کے لیے پیغمبر اسلام ؐ دنیا میں تشریف لائے ۔

حضور ؐنے ہمیں جو نظام دیا ہے اس کی موجودگی میںدوسرے کسی ازم کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک قرآن کا مہینہ ہے اس ماہ مبارک میں ہمیں قرآن سے تعلق جوڑنے اور ملک میں قرآن کے نظام کے نفاذ کی جدوجہد کو تیز کرنے کی ضرورت ہے ۔ہمارا سارا نظام سودکی بنیاد پر چل رہا ہے سودی نظام کی موجودگی میں ملکی معیشت نہ ترقی کرسکتی ہے نہ ٹھیک ہوسکتی ہے ۔

اسلامی نظام معیشت کی بجائے سودی معیشت اپنانے کی وجہ سے ہر بچہ مقروض اور ہر پاکستانی کے ہاتھوں میں ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی ہتھکڑیاں ہیں ۔غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ملک و قوم کو درپیش تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کا نفاذ ہے ۔ملک میں اسلامی نظام کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے غلبہ دین کی جدوجہدمیں عوام سے بڑے پیمانے پر رابطے کی ضرورت ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جیسے جیسے رمضان قریب آرہا ہے اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت کی طر ف سے اس مہنگائی کو روکنے کیلئے کوئی اقدامات سامنے نہیں آرہے ۔حکومت ابھی تک عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی ۔رمضان کی آمد آمد ہے اور غریب مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہے ۔سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ چکی ہیں ،چور بازاری اور ذخیرہ اندوزی سے ہاتھ رنگنے والوں کو کسی کا خوف نہیں ،حکومت کی بے حسی اور عوام کی بے بسی ناقابل برداشت ہو چکی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت رمضان سے پہلے اشیائے خورد و نوش کی سابقہ قیمتیں بحال کرے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں