برطانوی ادارے ڈیفڈکے چار رکنی وفدکا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ

پنجاب پولیس کے تفتیشی افسران کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے عالمی ماہرین کے تجربات سے استفادہ بھی جاری ہے‘عارف نواز برطانوی ماہرین کا تجربہ پولیس افسران واہلکاروں کو سنگین نوعیت کے کیسزجلد حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ‘انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب

جمعہ 26 اپریل 2019 18:57

برطانوی ادارے ڈیفڈکے چار رکنی وفدکا سنٹرل پولیس آفس کا دورہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کے تفتیشی افسران کو جدیدعلوم پر مبنی تربیتی کورسز کروائے جارہے ہیں اورانکے تربیتی نصاب میں جدید سائنسی مہارتوں پر مبنی خصوصی ماڈیولز شامل کئے گئے ہیں تاکہ وہ زیادہ بہتر انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرکے جرائم کی بیخ کنی میں نمایا ںکردار ادا کرسکیں ،بہتر سے بہتر نتائج حاصل کرنے کیلئے تفتیشی افسران کے ریفریشر کورسزاور ورکشاپس کا سلسلہ بھی جاری ہے اوران کی صلاحیتوں میں اضافے کیلئے عالمی ماہرین کے تجربات سے استفادہ بھی جاری ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں برطانوی ادارے ڈیفڈ کے چار رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

برطانوی وفد کی قیادت ڈیفڈکی سینئر گورنس ایڈوائزر،مس سوسن لاف ہیڈ نے کی ۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین ، ڈی آئی جی آئی ٹی ذوالفقار حمید، ڈی آئی جی ڈی اینڈ آئی احسن یونس اور ڈی آئی جی لاجسٹکس، رائے بابر سمیت سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔

ملاقات کے دوران پنجاب پولیس کے تفتیشی افسران کی استعداد کار میں مزید اضافے کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے جبکہ برطانوی وفد نے پنجاب پولیس کو انویسٹی گیشن کے جدیدعلوم اور طریقہ کار میں معاونت فراہم کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے برطانوی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں انویسٹی گیشن کے جدید طریقہ کار کو اپناکرہی افسران واہلکار کم وقت میں بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں اسی لئے پولیس فورس بالخصوص تفتیشی افسران کی استعداد کار میں مزید اضافہ کرنا پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے ٹریننگ کالجز اور سکولز کے تربیتی نصاب کو جدید سائنسی تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کردیاگیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس جرائم کی تفتیش میں جدیدسائنسی طریقہ کار اور فارنزک سائنس سے بھرپور استفادہ کر رہی ہے جبکہ برطانوی ماہرین کا تجربہ پولیس افسران واہلکاروں کو سنگین نوعیت کے کیسزجلد حل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔مس سوسن لاف ہیڈ کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں دہشت گردی کی واقعات میں واضح کمی پنجاب پولیس کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ تفتیشی افسران کی صلاحیتوں میں اضافے سے جہاں عوام کی جان وما ل کو مزید تحفظ حاصل ہوگا وہیں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصرکا قلع قمع کا عمل تیز ہوسکے گا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں