لاہور ہائیکورٹ کا عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم

عمران خان نے گذشتہ دور حکومت میں لوگوں کو سول نافرمانی پر اکسایا،عدالت وزیراعظم عمران خان کو آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نااہل کرے ۔ درخواست میں استدعا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 مئی 2019 10:38

لاہور ہائیکورٹ کا عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین  اخبار۔20 مئی 2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔عمران خان کے خلاف متفرق درخواست کی ساعت آئندہ ہفتے میں ہو گی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی نا اہلی کے لیے کیس کی جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست پر سماعت جسٹس شاہد وحید خان نے لائرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی درخواست پر کی۔

عدالت نے ابتدائی شنوائی کے بعد وزیراعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست کو آئندہ ہفتے میں سماعت کرنے کا حکم دے دیا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان نے لوگوں کو سول نافرمانی کے لیے اکسایا۔عمران خان نے لوگوں کو اکسایا کہ وہ ٹیکس نہ دیں اور بیرون ملک رقوم بھی نہ بھیجیں۔

(جاری ہے)

عمران خان پر یہ بھی الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے حامیوں سمیت پارلیمنٹ کی بلڈنگ پر دھاوا بولا اور گیٹ توڑے۔

درخواست گزار نے عمران خان پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ انہوں نے ملکی سالمیت کے خلاف اقدامات کیے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے ملکی سیاسی نظام تباہ کرنے کی کوشش کی ہے۔درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان نیازی کو فریق بنایا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وزیراعظم عمران خان آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نااہل کرے اور آئین کے آرٹیکل 124 اے کے تحت کاروائی کا حکم دے۔خیال رہے کہ رواں سال 21 جنوری کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف نا اہلی کی درخواست خارج کر دی تھی۔درخواست میں یہ موقف اپنایا گیا تھا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کو چھپایا ہوا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں