نوجوانوں کے وقت اور اخلاق کی حفاظت کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری

کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے ذمہ داران کو شارٹ تربیتی کورسز کروانے کی ہدایت ۵میٹرک ،ایف اے کے امتحانات سے فارغ طلباء کو شارٹ اسلامی ،تربیتی کورس کروائے جائیں، قائد تحریک منہاج القرآن

منگل 21 مئی 2019 22:06

نوجوانوں کے وقت اور اخلاق کی حفاظت کرنا اساتذہ کی ذمہ داری ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کے اخلاق اور قیمتی وقت کی حفاظت کرنا تعلیمی اداروں اور اساتذہ کی فی زمانہ اولین دینی، ملی و قومی ذمہ داری ہے، انہوں نے منہاج القرآن کے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے ذمہ داران کو ہدایت کی ہے کہ امتحانات سے فارغ ہونے والے طلباء و طالبات کے لیے اسلامی شارٹ کورسز تیار کیے جائیں اور فہم دین اور کردار سازی کے لیے انہیں تربیت دی جائے ،باعمل زندگی کے لیے تربیت ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

قائد منہاج القرآن کی ان ہدایات کی روشنی میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز نے 10 اسلامی ،تربیتی کورسز کو حتمی شکل دے دی ہے، اس حوالے سے کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر خان محمد ملک نے کورسز کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹرک اور ایف اے کے طلباء کیلئے 26 جون سے کلاسز کا اجراء ہو گا،امتحانات سے فارغ طلباء کے لیے ایک ماہ کے شارٹ کورسز میں عرفان القرآن، عرفان الحدیث ،انگلش عربی بول چال، بنیادی کمپیوٹر کورس، بنیادی فقہی مسائل، اسلامی آداب و معاشرت، خطابت، قرأت ، نعت کی ٹریننگ اورکیئرکونسلنگ شامل ہیں، پروفیسر ڈاکٹرخان محمد ملک نے بتایا کہ رجسٹریشن کروانے والے طلباء کو ہاسٹل ،میس ،کمپیوٹر لیب، ملٹی میڈیا کلاسز اورلائبریری سے استفادہ کی سہولت بھی میسر ہو گی، انہوں نے کہا کہ قائد منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا تعلیمی ویژن نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانا اور حقوق و فرائض سے باخبررکھنا ہے، کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے تربیتی کورسز انہی مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے وضع کیے جاتے ہیں اور الحمداللہ ہر سال شارٹ کورسز کرنے والوں کی ایک بڑی تعداد رجسٹریشن کرواتی اور مستفید ہوتی ہے جنہیں کورس کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ بھی دیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں