شہباز شریف کا بھاگ جانا ن لیگ کے لیے لمحہ فکریہ ہے،پرویز الہیٰ

ن کو چاہئے کہ وہ اپنا لیڈر تلاش کرے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،سپیکر صوبائی اسمبلی پنجاب

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 21 مئی 2019 21:03

شہباز شریف کا بھاگ جانا ن لیگ کے لیے لمحہ فکریہ ہے،پرویز الہیٰ
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مئی2019) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف کا ملک سے بھاگ جانا مسلم لیگ ن کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ چوہدری پرویزالہی اور چوہدری شجاعت نے گجرات میں قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ قمر کی وفات پرتعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ق پرویز الہٰی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کو چاہئے کہ وہ اپنا لیڈر تلاش کرے ، ن لیگ جنگل کے شیر کی طرح ہے، جو خیال میں آئے کہنے سے گریز نہیں کرتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حزبِ اختلاف کا کام ہمیشہ تنقید کرنا ہوتا ہے، حکومت کا کام ہے برداشت کرنا اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے جانا لہٰذا حکومت کے جانے کی باتیں محض باتیں ہی ہیں، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے رہنما مسلم لیگ ن شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ یہ حکومت اپنی مدت پوری کرتی نظر نہیں آتی اس لیے اس سے پہلے کہ عوام سڑکوں پر نکلے عمران خان کو چاہیے کہ خود قبلِ ازوقت الیکشن کروا دیں۔

اس سے پہلے حکومتی حلقوں میں بھی یہ افواہیں سامنے آتی رہی ہیں کہ قبل ازوقت الیکشن کروائے جانے کا امکان ہے لیکن حکومتی نمائندوں نے اس امکان کو ہمیشہ رد کیا ہے اور ہمیشہ یہی کہا ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔ اب پاکستان تحریکِ انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہیٰ نے بھی کہہ دیا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی لہٰذا حکومت کی تبدیلی کی باتیں نہ کی جائیں۔

اس سے قبل جب چوہدری پرویز الہیٰ اور چوہدری شجاعت لندن کے دورے پر گئے تھے تو یہ افواہیں گردش کرتی رہیں تھیں کہ انہوں نے شہباز شریف سے ملاقات کی ہے اور مسلم لیگ ن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم دونوں رہنماؤں نے اس کی تردید کی تھی اور اب چوہدری پرویز الہیٰ کے اس بیان نے صاف صاف بتا دیا ہے کہ وہ پاکستان تحریکِ انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یاد رہے کہ 2018کے الیکشن کے بعد مسلم لیگ ق نے پاکستان تحریکِ انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا اور پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے پی ٹی آئی کو معاونت فراہم کی تھی جس کے بعد چوہسری پرویز الہٰی کو پنجاب اسمبلی کا سپیکر بنایا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں