پاکستان کا جذبہ خیر سگالی کے تحت ایک اور اقدام

86 روز کے بعد پاکستانی فضائی حدود کھول دی گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 22 مئی 2019 13:18

پاکستان کا جذبہ خیر سگالی کے تحت ایک اور اقدام
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 مئی 2019ء) : پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دیں۔ تفصیلات کے مطابق 86 روز کے بعد پاکستانی فضائی حدود کو بھارت کے لیے کھول دیا گیا۔ دہلی سے یوکرائن جانے والا مسافر طیارہ پاکستانی حدود میں آج داخل ہوا۔ یوکرائن انٹرنیشنل کی پرواز 392 کا بوئنگ 767 طیارہ پاکستانی حدود سے داخل ہو کر یوکرائن میں لینڈ ہوا۔

پاکستان کی فضائی حدود میں طیارے کی فضائی بلندی 27 ہزار 749 فٹ تھی۔ 86 روز میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ بھارت کی جانب سے کوئی غیر ملکی طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مستقبل میں مزید بھارت سےآنے والی مزید پروازوں کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی جاتی ہے یا نہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان کی فضائی حدود بھارت کے لیے بند کر دی گئی تھیں جس سے بھارت کی ائیر لائن ائیرانڈیا کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے ائیر انڈیا کو 16 مارچ سے 19 مارچ تک صرف تین دنوں میں ساٹھ کروڑ کا نقصان ہوا تھا۔ پروازوں کو یورپ اور امریکہ پہنچنے کے لیے گجرات، بحیرہ عرب سے ہو کر جانا پڑتا ہے جو ائیر انڈیا کو ہونے والے نقصان کی بنیادی وجہ ہے۔ اکستانی فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارت سے مغربی ممالک کا فاصلہ مزید چار گھنٹے بڑھ گیا جس کی وجہ سے بھارتی مسافربھی پریشانی کا شکار ہوئے۔ واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے بند کردیا گیا تھا۔جس کی وجہ سے ائیر انڈیا کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا جبکہ سفر لمبا ہونے کی وجہ سے نہ صرف بھارت سے مغربی ممالک کے سفر کے دورانیے میں اضافہ ہوا بلکہ ٹکٹس بھی مہنگی ہو گئی تھیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں