مجھے فخر ہے کہ میری ماں اوربہن نے اپنے ڈالر پاکستانی روپے میں بدلوا دیے

پاکستان کو مضبوط کرنے کی خاطر ڈالر گراﺅ مہم کا حصہ بنیں،حمزہ علی عباسی

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 24 مئی 2019 06:11

مجھے فخر ہے کہ میری ماں اوربہن نے اپنے ڈالر پاکستانی روپے میں بدلوا دیے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2019ء)   اس میں کوئی شک نہیں کہ ایک بار تو ڈالر نے پاکستانی روپے کو چاروں شانے چت کر ڈالا ہے۔ ڈالر کی روپے کی نسبت قدر میں اضافے سے ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا اور کچھ مطلب پرست لوگوں نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کرتے ہوئے ملکی معیشت کو اور بھی کمزور کیا۔مگر عین وقت پر علما حضرات نے حکومت کا ساتھ دیتے ہوئے ڈالر ذخیرہ کرنے والوں پر فتویٰ لگا دیا اور اس کے ساتھ ہی پاکستانی عوام بھی اپنی حکومت کا ساتھ دینے اور ڈوبتی معیشت کو سہارا دینے کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن گئی۔

ڈالر گراﺅ مہم بڑے زور وشور سے شروع ہوئی اور دو دن کے اندر ہی ڈالر کی قیمت گرنا شروع ہو گئی۔اکثر لوگوں نے ڈالر واپس کرتے ہوئے پاکستانی کرنسی لینا شروع کر دی۔

(جاری ہے)

اسی مہم کے حوالے سے مشہور ایکٹر واینکر حمزہ علی عباسی نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ” میرا کوئی ڈالر اکاﺅنٹ نہیں ہے مگر میریں ماں اور بہن کا ہے۔مجھے یہ بتاتے ہوئے فخر ہے کہ آج میری ماں اور بہن نے پاکستان کی خاطر ڈالر واپس کرتے ہوئے پاکستانی روپے میں بدلوا لیے ہیں۔

لہٰذا میں آپ سب لوگوں سے درخواست گزار ہوں کہ ڈالر کو دھچکا پہنچاﺅ اور پاکستانی روپے کو ویلیو دو تاکہ پاکستانی روپے کی قدر میں اضافے کے ستھ ملکی معیشت کی مضبوطی میں آپ بہترین کردار ادا کر سکیں۔“حمزہ علی عباسی کی اس ٹویٹ کو سوشل میڈیا پر خوب وائرل کیا گیااور ان کی تعریف بھی کی گئی۔ایسا ہی جذبہ اگر ہر پاکستانی کے دل میں ہو تو معیشت دنوں میں مضبوط ہواور پاکستان بہت جلد ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہونا شروع ہو جائے گا۔

اگرچہ پاکستانی عوام اس حوالے سے بہت جذباتی اور ملک کی خاطر ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہوتے ہیں مگر کچھ مطلبی اور موقع پرست ضمیر فروش لوگ ملک کو چوٹ پہنچانے اور کمزور کرنے کی نیت پر بھی کام کرتے ہیں مگر ایسے لوگوں کوہمیشہ منہ کی کھانا پڑی ہے۔ اگر ڈالر گراﺅ کی مہم اسی طرح چلتی رہی تو بہت جلد پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہو جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں