آشیانہ ،رمضان شوگر مل کیس میں کی سماعت 28مئی تک ملتوی ،حمزہ شہباز پیش ہوئے

عدالت فراخدلی سے آپکو سہولت دیتی رہی ہے ، کونسی رپورٹ موجود ہے جسکی بنیاد پر یقین کروں شہباز شریف کا پاکستان میں علاج ممکن نہیں ‘ عدالت ٹیسٹ کی پاکستان میں سہولت میسر نہیں جسکی وجہ سے بیرون ملک رکنا پڑ ا ،سات جون کو ٹیسٹ ہے رپورٹ آتے ہیں واپس آ جائینگے‘ وکیل شہباز شریف شہباز شریف سے پوچھیں کس حتمی تاریخ کو عدالت کے روبرو پیش ہونگے‘ عدالت کی وکیل کو ہدایت،نیب کوشہباز شریف کی 14 دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر جواب جمع کرانے کا حکم

ہفتہ 25 مئی 2019 13:11

آشیانہ ،رمضان شوگر مل کیس میں کی سماعت 28مئی تک ملتوی ،حمزہ شہباز پیش ہوئے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 28مئی تک ملتوی کردی ہے۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت کی ۔حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہو گئے تاہم شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

شہباز شریف کے وکیل نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں جمع کرائی ۔عدالت نے شہباز شریف کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ عدالت فراخدلی سے آپ کو سہولت دیتی رہی ہے ، میرے پاس کیا رپورٹ ہے جس کی بنیاد پر میں یقین کروں کہ واقعی ہی علاج پاکستان میں ممکن نہیں ۔

(جاری ہے)

امجد پرویز نے کہا کہ شہباز شریف کے ٹیسٹ کی پاکستان میں سہولت میسر نہیں جس کی وجہ سے انہیں بیرون ملک رکنا پڑ رہا ہے ۔

پاکستان کے ڈاکٹرز نے برطانیہ میں علاج تجویز کیا ہے، شہباز شریف مستقل استثنیٰ نہیں مانگ رہے صرف دو ہفتوں کی بات ہے، استدعا ہے کہ عدالت شہباز شریف کی دو ہفتوں کے لئے حاضری استثنیٰ کی درخواست منظور کرے ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف کا 7جون کو ٹیسٹ ہونا ہے اور اس کی رپورٹ آتے ہی وہ پاکستان آ جائیں گے۔نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے استثنیٰ کی درخوات کے خلاف اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک گئے، ملزم کی جانب سے بار بار حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دے دی جاتی ہے جبکہ عدالت کے سامنے آشیانہ اقبال اسکینڈل کے دیگر ملزمان اور گواہان ہر سماعت پر موجود ہوتے ہیں، ملزم کی حاضری سے استثنیٰ کی بار بار کی درخواستوں کی وجہ سے کیس کا ٹرائل رکا ہوا ہے۔

بعد ازاں لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اور رمضان شوگر مل کیس کی سماعت اٹھائیس مئی تک ملتوی کرتے ہوئے شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز کو ہدایت کی کہ وہ شہباز شریف سے پوچھیں وہ کس حتمی تاریخ کو عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔ جبکہ عدالت نے نیب کو شہباز شریف کی 14 دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں