جنسی واقعات میں ملوث مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

ہفتہ 25 مئی 2019 13:11

جنسی واقعات میں ملوث مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2019ء) جنسی واقعات میں ملوث مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کر ادی گئی ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے علاقہ چک شہزاد سے لاپتہ ہونے والی 10 سالہ معصوم بچی فرشتہ کی تشدد زدہ لاش اسلام آباد کے جنگل سے برآمد ہوئی،درندہ صفت قاتلوں نے بچی کے ساتھ نہ صرف زیادتی کی بلکہ شدید تشدد کا نشانہ بناکر بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا۔

اس واقعہ سے قبل زینب زیادتی و قتل کے واقعہ نے پورے ملک کے درودیوار ہلا دیئے تھے۔ لیکن اس طرح کے واقعات میں کمی نہیں آ رہی جوکسی بھی معاشرے میں باعث تشویش ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں بچیوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات انتہائی تکلیف دہ ہیں۔ایسے واقعات معاشرے میں پائی جانے والی ہیجانی کیفیت کا اظہار کرتے ہیں جن کا سدباب ضروری اور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فرشتہ اور زینب زیادتی و قتل جیسے واقعات کے ذمہ دار ہمارے قوانین، عدالتی نظام اور سرعام سزائوں کا نہ ہونا بھی ہیں۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی بیٹی فرشتہ اور اس جیسی دوسری بیٹیوں کو انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ان کے مجرموں اور قاتلوں کو عبرت کا نشان بنانے کے لئے سرعام پھانسی کی سزا دی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں