سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کے سی آر کا 43 میں سے 34 کلومیٹر ٹریک خالی کرا دیا

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 25 مئی 2019 17:41

سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کے سی آر کا 43 میں سے 34 کلومیٹر ٹریک خالی کرا دیا
لاہور۔25 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مئی2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ سال بین الاقوامی سیاست میں مسائل کا سال ہے‘ ایسی صورتحال میں پاکستان کو سب سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے‘ بھارتی انتخابات میں بی جے پی کی طرف سے کسی بھی مسلمان کو سیٹ نہ ملنے کے فلسفہ کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو سوچنا ہو گا ‘ چیئرمین نیب کے خلاف پروپیگنڈا اپوزیشن کی چیخوں کا ثبوت ہے‘ اپوزیشن چیئرمین نیب سے استعفیٰ کامطالبہ اس لئے کر رہی ہے کہ آئندہ نہ کوئی چیئرمین بن سکے اور نہ ہی ان کیخلاف کوئی ریفرنس داخل ہو سکے‘ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے بڑا ظلم کیا ہو سکتا ہے کہ لاڑکانہ میں ہزاروں بچے ایڈز زدہ ہیں‘ مائوں کو ایڈز نہیں لیکن بچوں میں نکل رہی ہے اور وہاں ایک بھی بچوں کا ہسپتال نہیں‘ اس پر صوبائی وزیر صحت کو مستعفی ہونا چاہئے‘ ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے نے کہا کہ پہلے شہباز شریف کو خود این آر او کی بھیک مانگتے دیکھا‘ اب شاہد خاقان عباسی کی پوری کوشش ہے کہ ان کے کیس میں کمپرو مائز ہو جائے‘ ایک اور سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا حکومت کی مجبوری تھی‘ پاکستان میں مہنگائی‘ بیروزگاری کے ذمہ دار گینگ آف فور ہیں‘ اپوزیشن کی طرف سے عید کے بعد احتجاج کے حوالے سے سوال پر وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری آپس میں ملے ہوئے ہیں‘ ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی میں قمر زمان کائرہ‘ اعتزاز احسن جیسے اچھے لوگ بھی موجود ہیں لیکن کسی میں اتنی جرأت نہیں کہ وہ میری طرح جرأت کرکے عوامی مسلم لیگ جیسی پارٹی بناسکے‘ حالیہ بھارتی انتخابات کے بعد کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ جب تک وہاں شہیدوں کا قبرستان زندہ ہے اس وقت تک کشمیری جدوجہد جاری رکھیں گے اور آئے روز ان کا جذبہ‘ جوش بڑھتا جارہا ہے‘ وہ وقت دور نہیں جب وہ اپنی آزادی لے کر رہیں گے‘ اپوزیشن کے قبل از وقت الیکشن کے مطالبے کے حوالے سے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اپوزیشن الیکشن الیکشن کھیلنے کی بجائے ٹی وی‘ ٹی وی کھیلے‘ ورنہ لگ پتہ جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن زیادہ چیختی رہی تو اب تو ان کی ضمانتیں ہو رہی ہیں لیکن پھرایسا نہ ہوکہ ان کی ضمانتیں بھی نہ ہوں‘ انہوں نے کہا کہ صدارتی نظام کی ملک میں کوئی گنجائش نہیں اور نہ ہی آئین اس کی اجازت دیتا ہے‘ وفاقی وزیر نے کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کے سی آر کا 43 کلومیٹر میں سے 34 کلومیٹر ٹریک خالی کرا دیا ہے اور 10 کلومیٹر کے ٹریک کو بھی مقررہ وقت میں خالی کرا لیا جائے گا‘ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2017ء کو سندھ حکومت نے 207 ارب روپے قومی اقتصادی کونسل سے کراچی سرکلر ریلوے کیلئے منظور کروائے اگر سندھ حکومت 207 ارب روپے ہمارے ساتھ معاہدہ کرتی ہے تو ایم ایل ون کی طرح کراچی سرکلر ریلوے پر بھی کام شروع کروا دیں گے‘ اس سلسلہ میں مجھے بلاوجہ نشانہ بنایا جارہا ہے‘ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو سیاست میں نہ ڈالا جائے‘ جہاں بھی ماس ٹرانزٹ کا ادارہ ہے وہ صوبائی حکومتوں کے پاس ہے‘ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے ریلوے ٹریک کی رسائی پرائیویٹ پارٹنر کو بھی دینے کا فیصلہ کیا ہے‘ ریلوے کے پاس اس وقت 60 لاکھ مسافر بڑھ چکے ہیں اور ایک بھی فریٹ ٹرین خالی نہیں لیکن پرائیویٹ پارٹنر کو اجازت دی ہے وہ ٹریک پر اپنی ویگنیں اور لوکو موٹیو بھی پارٹنر لاسکتی ہیں‘ وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی کمپنی جی ای کو 20 لوکو موٹیوز کی مرمت کا نوٹس دیا ہے کہ وہ 30 مئی تک ان کو معیار کے مطابق بنائیں بصورت دیگر ان کی 10 فیصد زر ضمانت کیش کروالی جائیگی‘ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں 7 سے 8 ہزار بھرتیوں کیلئے 12 درخواستیں موجود ہیں لیکن وزیر اعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملتان اور کوئٹہ کے علاوہ بھرتیوں کیلئے قرعہ اندازی کی جائے لیکن اگر کسی ڈی ایس نے میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کی تو وہ خود ذمہ دار ہو گا‘ انہوں نے بتایا کہ عیدالفطر پر 3 سپیشل ٹرینیں چلائی جارہی ہیں‘ پہلی ٹرین 2 جون کو دن 11 بجے کراچی سے پشاور کیلئے‘ دوسری عید سپیشل ٹرین اسی روٹ پر رات نو بجے اور تیسری 2 جون کو دن 11:30 بجے کوئٹہ سے راولپنڈی کیلئے چلے گی‘ انہوں نے کہا کہ ٹنڈو آدم سے خانپور کے درمیان ٹریک کی مرمت کا کام ریل کاپ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے‘ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو بھی اپ گریڈ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے‘ سر سید ایکسپریس ایک پرزہ نہ ملنے کی وجہ سے 15 دن تاخیر کا شکار ہوئی، تاہم وزیر اعظم 30 جون کو اس کا افتتاح کریں گے‘ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کے روز ٹرینوں پر سفر کرنیوالے مسافروں کو 50 فیصد رعایت دی جائیگی‘ شیخ رشید احمد نے کہا کہ30 جون سے پہلے قوم کو ریلوے کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ دیں گے اور انشاء اللہ نہ صرف ریلوے کا خسارہ کم ہو گا بلکہ 4 سے 5 ارب روپے زیادہ آمدن حاصل ہو گی اور فریٹ سیکٹر میں بھی ٹارگٹ حاصل کریں گے‘ انہوں نے کہاکہ سابق دور میں 500 ارب روپے کے انجن‘ ویگنیں خریدی گئیں لیکن ٹریک اور سگنل سسٹم پر 10 روپے بھی خرچ نہیں کئے گئے‘ قبل ازیں وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ٹرینوں کے اوقات کار‘ صفائی‘ بغیر ٹکٹ مسافر‘ تجاوزات کیخلاف کارروائی پر تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس نے تفصیلی بریفنگ دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں