چین اور پاکستان ہرموسم کے ساتھی ہیں، چینی نائب صدر

سی پیک ترقی کا منصوبہ، چین میں مکمل حمایت حاصل ہے، معاشی ترقی کے مزید امکانات تلاش کریں گے، پاک چین خطے میں امن اور ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ چینی نائب صدروانگ چی شان کا فرینڈزآف سلک روڈ سیمینارسے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 26 مئی 2019 18:08

چین اور پاکستان ہرموسم کے ساتھی ہیں، چینی نائب صدر
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مئی 2019ء) چین کے نائب صدروانگ چی شان نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان ہرموسم کے ساتھی ہیں، سی پیک کوچین میں بھی مکمل حمایت حاصل ہے، دونوں ممالک معاشی ترقی کے مزید امکانات تلاش کریں گے۔ پاکستان اورچین خطے میں امن ،خوشحالی اور ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ چین کے نائب صدروانگ چی شان نے فرینڈزآف سلک روڈ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان ہرموسم کے ساتھی ہیں۔

پاکستان نے سب سے پہلے چین کوتسلیم کیا۔ دونوں ممالک کے قیام سے ہی تعاون کا سلسلہ جاری ہے۔ چینی نائب صدر نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی تمام اہم بین الاقوامی امور پر حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں انسانیت کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

چین انسانی معاشرے کی ترقی پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے۔

تمام ممالک کے ساتھ معاشی تعاون پریقین رکھتے ہیں۔ سی پیک مشترکہ ترقی کا منصوبہ ہے۔ سی پیک کوچین میں بھی مکمل حمایت حاصل ہے۔ امید ہے دونوں ممالک معاشی ترقی کے مزید امکانات تلاش کریں گے۔ پاکستان اورچین خطے میں امن ،خوشحالی اور ترقی کیلئے تعاون جاری رکھیں گے۔ واضح رہے چینی نائب صدر پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر وانگ چی شان اور ان کے وفد کی آمد کے موقع پر وفاقی وزیر برائی منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار کو وزیر مہمان داری مقرر کیا گیا ہے۔

خسرو بختیار نے بطور وزیر مہمان داری چین کے نائب صدر اور انکے وفد کا اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر استقبال کیا۔اس موقع پر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے نہ صرف پاکستان اور چین بلکہ پورے خطے کے ممالک کو فائدہ پہنچے گا،سی پیک منصوبہ اب دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے جس میں صنعتی تعاون، زراعت اور سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کاوشوں سے سی پیک منصوبہ میں اب عوامی فائدے کے منصوبے بھی شامل کی جا رہے ہیں،سی پیک منصوبہ کو مزید وسعت دینے پر پاکستان چینی قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے مشکور ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے پاکستان کے دوروں سے دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات مزید گہرے اور پائیدار ہوں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں