سپورٹس بورڈ پنجاب اور ریڈ بل کے تعاون سے ہونیوالا جونیئر نیمار فٹ سال ٹورنامنٹ اسلام آباد نے جیت لیا

فائنل میں اسلام آباد کی ٹیم نے لاہور کو شکست دی، ٹورنامنٹ میں 300سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا، اسلام آباد کی ٹیم نے فائنل میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا وزیراعظم عمران خان کے ویژن پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت یہ پہلا ایونٹ منعقد کرایا ہے ، نجی شعبہ سے ملکر مزید ایونٹس کرائینگے‘مشیر وزیراعلیٰ ملک عمر فاروق

اتوار 26 مئی 2019 18:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2019ء) سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت نجی شعبہ کو سپورٹس کے فروغ کے لئے شامل کیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ’’ریڈ بل‘‘ کے باہمی اشتراک سے نیمار جونیئر فٹ سال انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا ہے، یہ ٹورنامنٹ 21سے 25 مئی تک پنجاب سٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں 300سے زائد ٹیموں نے شرکت کی، اسلام آباد کی ٹیم فائنل میں لاہور کو ہرا کر جونیئر نیمار فٹ سال انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی چیمپئن بن گئی اور اس نے برازیل میں ہونے والی5ویں جونیئر نیمار فٹ سال چمپئن شپ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کے مشیر برائے کھیل ملک عمر فاروق اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی کاوشوں سے سپورٹس بورڈ پنجاب نے وزیراعظم عمران خان کے ویژن پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کھیلوں کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کئے ہیں جس کی وجہ سے نجی شعبہ بھی کھیلوں کی ترقی کے لئے میدان میں آگیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب اور ریڈ بل کے تعاون سے نیمار جونیئر فٹ سال انٹرنیشنل ٹورنامنٹ پنجاب سٹیڈیم میں کھیلا گیا، فائنل میں اسلام آباد نے لاہورکو شکست دیکر ٹورنامنٹ جیت لیا اس کے ساتھ ہی اور اسلام آباد کی ٹیم نے برازیل میں ہونے والی5 ویں جونیئر نیمار فٹ سال چیمئن شپ کے لئے کوالیفائی بھی کرلیا ہے، فائنل میں اسلام آباد کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی اور مشیر وزیراعلٰی ملک عمر فاروق کے کوآرڈینیٹرعمر بھٹی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی ہدایت پر ٹورنامنٹ کے لئے تمام سہولتیں فراہم کی گئی تھیں، ٹورنامنٹ فلڈ لائٹس میں کھیلا گیا، مشیر وزیراعلیٰ برائے کھیل ملک عمر فاروق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سپورٹس کو فروغ دینے میں نجی شعبہ کا کردار انتہائی اہم ہے ، نجی شعبہ کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے جس سے سپورٹس کو فروغ اور ترقی ملے گی ، نجی شعبہ کے تعاون سے کھلاڑیوں کو جدید سہولتیں ملیں گی اور وہ دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے، ملک عمر فاروق نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب نے یہ پہلا ایونٹ منعقد کرایا ہے ، یہ بارش کا پہلا قطرہ ہے مستقبل میں نجی شعبہ کے تعاون سے مزید ایونٹس منعقد کریں گے جس سے نیا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا۔

ملک عمر فاروق نے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بہترین انتظامات کئے ہیں، ملک عمر فاروق نے ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں