وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادوں کی پاکستان آمد

عمران خان کے وزیراعظم پاکستان بننے کے بعد ان کے بیٹے پہلی بار وطن آئے

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 13 جون 2019 05:34

وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادوں کی پاکستان آمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جون2019ء)   وطن عزیز میں جتنے بھی سیاستدان ہیں سبھی کے بیٹے بیرون ملک رہتے ہیں۔کچھ سیاستدانوں کے بچے بیرون ملک بزنس کرتے ہیں جبکہ کچھ تعلیم کے حصول کے لیے باہر مقیم ہیں اور وہ پاکستان اسی وقت تشریف لاتے ہیں جب انہوں نے سیاست میں انٹری دینا ہوتی ہے۔وزیراعظم عمران خان کے دوبیٹے بھی لندن رہتے ہیں مگر وہ تعلیم حاصل کرنے یا بزنس کرنے کی غرض سے نہیں رہتے بلکہ اپنی والدہ جمائمہ خان کے ساتھ رہتے ہیں۔

جب سے جمائمہ کی عمران خان سے علیحدگی ہوئی ہے تب سے عمران خان کے دونوں صاحبزادے اپنی والدہ کے ساتھ انگلینڈ رہتے ہیں۔اور کبھی کبھار اپنے والد سے ملنے پاکستان آتے ہیں۔لہٰذا اب کی بار بھی وہ اپنے والد سے ملنے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قاسم اور سلیمان 4 روز پاکستان میں قیام کریں گے اور بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ وقت گزاریں گے۔

عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد ان کے بیٹوں کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ عمران خان نے گزشتہ برس 18 اگست کو وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا، تاہم انہوں نے حلف برداری کی تقریب میں اپنے بیٹوں کو شرکت کرنے سے منع کردیا تھا۔وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد صحافی مہر تارڑ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ اور دونوں صاحبزادوں سلیمان اور قاسم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا تھا کہ 'انہیں اپنے والد پر فخر ہوگا جب وہ انہیں بطور وزیراعظم خدمات انجام دیتے ہوئے دیکھیں گے، جس کے لیے بہت لگن کی ضرورت ہے'۔

تاہم جمائمہ نے جوابی ٹوئیٹ میں بتایاتھا کہ 'وہ آنا چاہتے تھے لیکن عمران خان نے دونوں بیٹوں کو تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے سے منع کردیا ہے'۔ جمائمہ کا مزید کہنا تھا کہ 'ان کے دونوں بیٹے اداس ہیں کہ وہ وہاں نہیں، لیکن عمران خان اٹل ہیں کہ انہیں تقریب میں نہیں ہونا چاہیے'۔مگر اب قاسم اور سلیمان اپنے والد سے ملنے کے لیے پاکستان آ چکے ہیں اور وہ پاکستان میں پہلی بار وزیراعظم پاکستان کے بیٹوں کی حیثیت سے آئے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں