جتنا دباﺅ ڈالنا ہے ڈال لیں،جتنے کیسز بنانے ہیں بنا لیں

پیپلز پارٹی جھکنے ،بکنے اور گھبرانے والی جماعت نہیں،بلاول بھٹو

Sajjad Qadir سجاد قادر اتوار 16 جون 2019 06:55

جتنا دباﺅ ڈالنا ہے ڈال لیں،جتنے کیسز بنانے ہیں بنا لیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2019ء)   نواز شریف کے بعد آصف زرداری بھی نیب کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل کی سلاخوں کے پیچھے ا چکے ہیں۔اب مریم نواز اور بلاول بھٹو اپنے والدین کو بچانے کے لیے سرگرم ہیں۔یہی وجہ ہے کہ وہ حکومت پر شدید تنقید کرتے اور آڑے ہاتھوں لیتے نظر آتے ہیں۔گزشتہ دن چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی حکومت کو للکارتے ہوئے کہاکہ جتنا دباو¿ ڈالنا ہے ڈال لیں، جتنے کیسز بنانے ہیں بنا لیں لیکن پیپلز پارٹی جھکنے اور بکنے والی نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ18 ویں ترمیم، لاپتہ افراد اور سول کورٹس کے معاملے پر اپنا مو¿قف تبدیل نہیں کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اپنے نظریے، اصولوں اور منشور پر سمجھوتہ نہیں کرتے، یوٹرن نہیں لیتے۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لیے جدوجہد کی ہے اور کریں گے۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نالائق وزیراعظم نے سب سے بڑے صوبے کے لیے نالائق وزیراعلیٰ چنا، جسے ہاتھ ملانے کا نہیں پتہ، وہ حکومت کیسے چلا سکے گا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف زرداری کو گرفتار کیے جانے کے باوجود ہم نے موقع دیا کہ عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا تو ہم سپورٹ کریں گے۔خان صاحب نے آئی ایم ایف کے پاس جا کر پورے ملک کو معاشی خود کشی کرا ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں معاشی حملے، پنجاب کے عوام کے ساتھ بڑی ناانصافی ہے، پرانے پاکستان میں پنجاب کا بجٹ 600 ارب ہوتا تھا، اب 230 ارب کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امیروں کے لیے ریلیف، ایمنسٹی اور بیل آو¿ٹ لیکن غریبوں کے لیے مہنگائی، بے روزگاری اور ٹیکسوں کا بوجھ بڑھا دیا گیا ہے۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ یہ ایک نہیں دو پاکستان ہیں، اس کے خلاف آواز بلند کرنا ہم پر فرض ہے، پیپلز پارٹی اس معاشی دہشت گردی کو برداشت نہیں کرے گی، پی ٹی آئی آئی ایم ایف بجٹ کو روکنا ہے، عوام دشمن بجٹ منظور ہوا تو پیپلز پارٹی سڑکوں پر نکلے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں