نواز شریف ، مریم نواز اور شہباز شریف ایک پیج پر ہیں

معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 جون 2019 10:42

نواز شریف ، مریم نواز اور شہباز شریف ایک پیج پر ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ عملی طور پر معاملات نواز شریف اور زرداری صاحب ہی طے کر رہے ہیں لیکن مریم نواز چونکہ باہر ہیں ، آزاد ہیں، اسی لیے وہ پارٹی کے امور پر زیادہ غور کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ اس پوری صورتحال میں شہباز شریف ، نواز شریف اور مریم نواز صاحبہ ایک پیج پر ہیں۔

آپس کے اختلافات ، مزاحمت اور لابنگ ایسا کچھ نہیں ہو رہا۔ خیال رہے کہ آج کل مریم نواز عملی سیاست میں کافی زیادہ متحرک نظر آ رہی ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے گذشتہ ہفتے ظفر وال میں جلسے کا انعقاد کیا جس میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد انہوں نے چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

(جاری ہے)

نائب صدرن لیگ مریم نواز اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کے درمیان رائیونڈ میں ملاقات ہوئی۔ بلاول بھٹو مریم نواز کی دعوت پر جاتی امراء گئے۔ ملاقات میں سردارایازصادق، پرویزرشید اورمریم اورنگزیب، راناثنااللہ، محمد صفدر، سابق گورنرسندھ محمدزبیربھی شریک تھے۔ جبکہ پیپلزپارٹی پارٹی وفد میں قمرزمان کائرہ، مصطفیٰ نوازکھوکھر، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ شامل تھے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں کا موجودہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کے حوالے سے غور کیا گیا۔ ملاقات میں میثاق جمہوریت کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے، آئی ایم ایف بجٹ کے خلاف مل کر حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں نے اتفاق کیا کہ آئین کی سربلندی اور جمہوریت ہی ملک کو آگے لے جاسکتی ہے۔ مریم نواز کے سیاسی طور پر متحرک ہونے پر کہا جا رہا تھا کہ شاید شہباز شریف ، نواز شریف اور مریم نواز ایک پیج پر نہیں ہیں تاہم ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ فی الوقت تینوں رہنما ایک ہی پیج پر ہیں اور ان میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں