کوئی بھی شخص میرا رشتہ دار بن کر آئے اور کام کرنے کا کہے تو مت کریں

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اہم ہدایات جاری کر دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 جون 2019 11:08

کوئی بھی شخص میرا رشتہ دار بن کر آئے اور کام کرنے کا کہے تو مت کریں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2019ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ اگر کوئی شخص میرا رشتہ دار بن کر آئے اور کام کرنے کا کہے تو ہرگز اُس کا کام نہ کیا جائے۔ صوبہ بھر کے افسروں کو حکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ کوئی بھی شخص مجھ سے اپنا رشتہ بتائے تو اُس کا کام نہ کیا جائے۔

پنجاب حکومت کے مطابق بہت سے لوگ خود کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا رشتہ دار ظاہر کر کے کام نکلوا لیتے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل کئی افسران اور درکاری دفاتر سے یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ اکثر لوگ خود کو وزیراعلیٰ پنجاب کا رشتہ دار ظاہر کرتے ہیں اور اپنا کام نکلواتے ہیں جس پر پنجاب حکومت کے محکمہ سروسز نے نوٹس لیا اور وزیراعلیٰ پنجاب نے اس ضمن میں اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی جانب سے ہدایت نامہ صوبے کے تمام محکموں ، کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، ڈی سی اوز، آر پی اوز، سیکرٹری ، انتظامی سیکرٹریز کو جاری کیا گیا۔ سرکاری محکموں اور افسران کو جاری کیے گئے ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ اب جب کوئی بھی شخص خود کو وزیراعلیٰ پنجاب کا رشتہ دار بتائے تو ایسے شخص سے متعلق فوری طور پر اطلاع دی جائے۔ ہدایات صدر بینک آف پنجاب سمیت صوبے کے دیگر اعلیٰ افسران کو بھی جاری کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آتے ہی شاہانہ پروٹوکول اور سفارشی ٹولوں کی حوصلہ شکنی کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی حکومت میں اپنوں کو نوازنے اور رشتہ داروں کی سفارشوں پر کام کرنے کی روایت کو توڑے گی جس کے تحت آج وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے واضح حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں