لاہور،حکومت شور شرابا ، ہنگامہ آرائی اور دھینگا مشتی کرنے کی بجائے آئی ایم ایف کا مسلط کردہ بجٹ واپس لے ،سینیٹرسراج الحق

حکومت بجٹ پر اپوزیشن کا موقف سننے کے لیے تیار نہیںاور قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہنگامہ آرائی پر اترآئی ہے،آئی ایم ایف کے تیا ر کردہ بجٹ نے غریب کا چولہا بجھا دیاہے،امیر جماعت اسلامی

پیر 17 جون 2019 23:59

لاہور،حکومت شور شرابا ، ہنگامہ آرائی اور دھینگا مشتی کرنے کی بجائے آئی ایم ایف کا مسلط کردہ بجٹ واپس لے ،سینیٹرسراج الحق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2019ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ حکومت شور شرابا ، ہنگامہ آرائی اور دھینگا مشتی کرنے کی بجائے آئی ایم ایف کا مسلط کردہ بجٹ واپس لے جس نے قوم کی پریشانیوں اور مصیبتوں میں اضافہ کر دیاہے ۔حیرت ہے حکومت بجٹ پر اپوزیشن کا موقف سننے کے لیے تیار نہیںاور قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ہنگامہ آرائی پر اترآئی ہے۔

حکومت آئینہ دیکھنا چاہتی ہے نہ اپنا چہرہ صاف کرنے کو تیار ہے ۔ حکومت کو تنقید سننے کا حوصلہ پیدا کرنا چاہیے ۔ حکومت احتساب کا صرف شور مچاتی رہی ہے ، حالانکہ ابھی تک احتساب شروع ہی نہیں ہوا۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے سینیٹ اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لیاہے ۔

آئی ایم ایف کے تیا ر کردہ بجٹ نے غریب کا چولہا بجھا دیاہے ۔ بجائے اس کے کہ حکمران اپنی اصلاح کریں ،وہ اسمبلی کے اندر شور شرابہ اور غل غپاڑہ کر کے حقائق کو چھپانا چاہتے ہیں ۔ حکمرانوں نے اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں سے انحراف کرتے ہوئے ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنایا اور سبز باغ دکھا کر عوام کو مہنگائی و بے رورگاری کے حوالے کردیا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حکومتی ارکان کے غیر سنجیدہ رویے کو نہ جمہوری کہا جاسکتاہے اور نہ پارلیمانی ، وہ تجاویز سنتے ہیں نہ اپنی اصلاح کرنے کو تیار ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت ون ویلنگ کرے گی تو اسے حادثہ کا بھی سامنا کرنا پڑے گا ۔ ہم چاہتے کہ حکومت کسی حادثے کا شکار نہ ہو مگر حکمرانوں کو بھی اپوزیشن کو برداشت کرنا پڑے گا اور اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لانا ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں