اسحاق ڈار بھی بہت جلد وطن واپس آ جائیں گے

ان کی واپسی کیلئے برطانیہ کے ساتھ معاہدہ ہو چکا، شہزاد اکبر

Sajjad Qadir سجاد قادر بدھ 19 جون 2019 06:50

اسحاق ڈار بھی بہت جلد وطن واپس آ جائیں گے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جون2019ء) ہمارے ملک کا ایک ہی المیہ ہے کہ جس بھی کسی تگڑی سامی کو جیل جانے کا خطرہ ہوتا ہے یا پھر اس پرکرپشن اور منی لانڈرنگ جیسے سنگین الزامات عائد ہوتے ہیں تو وہ بجائے ملک میں رہنے اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے مختلف حیلے بہانوں سے ملک سے باہر بھاگتا ہے۔سابق صدر پرویز مشرف سے لے کر وزیر خزانہ اسحاق ڈار تک سبھی لندن یا دبئی میں مزے کر رہے ہیں اور جب انہیں عدالتوں کی طرف سے سمن جاتے ہیں تو وہ کہتے ہیں ہم بیمار ہیں اور ہمارا علاج چل رہا ہے۔

یہی چیز ملک میں غریب اور امیر کی تقسیم کرتی ہے کہ غریب شخص پر کوئی شک وشبہ بھی ظاہر کیا جائے تو اسے اٹھا کر جیل میں ڈال دیا جاتا ہے اور پھر وہ ساری زندگی اس الزام سے بری ہونے کی کوشش میں گزار دیتا ہے جبکہ کسی امیر اور طاقتور شخص پر کوئی فرد جرم عائد ہو جائے تو وہ جیل نہیں جائےگا بلکہ ملک سے باہر جائے گا۔

(جاری ہے)

تاہم موجودہ حکومت نے احتساب کا جو نعرہ بلند کیاہے وہ اس پر ابھی تک تو قائم ہے یہی وجہ ہے کہ زرداری اور نواز شریف جیسے لوگ جیلوں میں ہیں۔

اور اب ملک سے باہر لوگوں کو بھی وطن لانے کے لیے کمیٹی بنائی جا رہی ہے۔اسی حوالے سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کے لیے برطانیہ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو چکے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار جلد وطن واپس آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیر خزانہ کو جلد برطانوی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گاجبکہ تحویل مجرمان کے معاہدے پر دستخط ہونے باقی ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی کابینہ نے نے ڈپٹی چیئرمین نیب حسین اصغر کو کرپشن کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن کا سربراہ بنانے کی منظوری دیدی ہے۔وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل گزشتہ 10 برسوں کے دوران ہونے والی کرپشن کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں