وزیراعظم کادکھی خاندانوں کے غموں کا مداوا کرنے کا ایک اور منصوبہ

انڈین جیلوں میں قید پاکستانیوں کو رہا کرواکر پاکستان لایا جائے گا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 20 جون 2019 06:36

وزیراعظم کادکھی خاندانوں کے غموں کا مداوا کرنے کا ایک اور منصوبہ
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جون2019ء)   جب ملائیشیا میں پھنسے پاکستانی قیدی خصوصی جہاز پر پاکستان آئے تو جہاز عمران خان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج رہا تھا۔ذوالفقار علی بھٹو کے بعد عمران خان ہی وہ لیڈر ہیں جو کسی ملک سے پاکستانی قیدیوں کو وطن واپس لے کر آئے۔سعودی عرب کے بعد ملائیشیا کی جیلوں سے بھی پاکستانیوں کو آزاد کراکر وطن واپس لایا گیاایسے میں کتنے دکھیارے خاندانوں نے جھولی بھر بھر کر وزیراعظم عمران خان کے حق میں دعائیں کی۔

اب ایسا ہی ایک اور نیک کام عمران خان صاحب کرنے جا رہے ہیں۔ہمارے سب سے قریبی ہمسائے انڈیا میں قید پاکستانی قیدیوں کو آزاد کرانے کامنصوبہ بنا چکے ہیں۔انڈیا کا بارڈر قریب ہونے کی وجہ سے اکثر سادہ لوح دیہاتی اور ماہی گیر انڈین فورسز کے ہتھے چڑھ جاتے ہیں اور پھر بیچارے عرصے تک انڈین جیلوں میں سڑتے رہتے ہیں جبکہ ان میں سے کئی انہی جیل کی کوٹھڑیوں میں مر جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم اب عمران خان نے انڈیا سے بھی پاکستانی قیدیوں کو واپس لانے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ملائیشیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے بعد اب انڈین جیلوں میں قید پاکستانیوں کو رہا کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزارت خارجہ نے ملک بھر کی جیلوں میں قید انڈین قیدیوں کی تفصیلات طلب کر لی ہیں، پاکستانی اور بھارتی قیدیوں کا تبادلہ کیا جائے گا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے بھجوائے گئے مراسلہ میں چاروں صوبوں کے آئی جیز جیل خانہ جات سے تفصیلات جلد فراہم کرنے کا کہا گیا ہے۔صوبوں کے علاوہ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے بھی انڈین قیدیوں کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔وزارت خارجہ کی جانب سے انڈین قیدیوں کی تفصیلات کی صاف فوٹو کاپی21 جون سے پہلے بھجوانی ہوں گی۔پاکستان اور انڈین قیدیوں کے تبادلوں کے حوالے سے یکم جولائی کو وزارت خارجہ کے دفتر میں اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوگی۔وزارت خارجہ نے تمام انڈین قیدیوں کا مکمل ڈیٹا، کیسز اور سزا وغیرہ کی مکمل تفصیلات طلب کی ہیں۔امید یہی کی جا رہی ہے کہ آنے والی عید قربان تک انڈیا میں قید پاکستانی اپنے گھروں کو لوٹ آئیں گے اور عید اپنے پیاروں کے ساتھ کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں