میثاق معیشت کو مذاق قرار دینے پر خواجہ آصف بھی مریم نواز کے حامی

مریم نواز نے میثاق معیشت پر جو بات کی وہ درست ہے ۔ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 24 جون 2019 12:34

میثاق معیشت کو مذاق قرار دینے پر خواجہ آصف بھی مریم نواز کے حامی
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جون 2019ء) : مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے میثاق معیشت کو مذاق قرار دینے کے مریم نواز کے بیان کی حمایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق اپنی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت بات کرنا چاہتی ہے تو بجٹ پر اپوزیشن کی تجاویز پرعمل کرے ۔ اُن کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے میثاق معیشت پر جو بات کی وہ درست ہے اور پاکستان مسلم لیگ ن کی پالیسی کے مطابق ہے۔

نواز شریف کا شہباز شریف پر مکمل اعتماد ہے جبکہ مریم نواز کا ایک اپنا سیاسی مستقبل ہے۔ مریم نواز کا میثاق معیشت پر اختلاف اس بات کی شہادت ہے کہ ہماری پارٹی میں جمہوریت ہے ۔ موجودہ ماحول میں حکومت نے غریب عوام پر ظلم ڈھانا تھا اور وہ ڈھا چکی ہے ، جب تک یہ ماحول ٹھیک نہیں ہو گا تب تک میثاق معیشت پر بات نہیں ہو سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میثاق جمہوریت پر شہباز شریف نے ایک تجویز دی تھی، حکومت میثاق معیشت پر بات کرنے سے پہلے عوام دشمن بجٹ پر بات کرے ، معیشت پر تمام سیاسی قوتوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئیے، ہم معیشت کے قتل میں شامل نہیں ہوں گے ، ہماری بجٹ تجاویز پر غور کر کے کاروبار اور غریب عوام کو ریلیف دیا جائے ۔

یہ عوام دشمن بجٹ ہے جو معاشی بد حالی کا سبب بنے گا اور آنے والے وقت میں مہنگائی آسمان کو چھوئے گی۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے پریس کانفرنس کے دوران میثاق معیشت کو مذاق قرار دیا تھا۔ مریم نواز کے اس مؤقف کے بعد یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ مریم نواز اور شہباز شریف کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔ جس کا ثبوت مریم نواز کا یہ بیان ہے تاہم مریم نواز نے اس قیاس آرائی کی تردید کردی تھی، اور کہا تھا کہ میری اس بات کو سیاق و سباق سے ہٹ کر دیکھا گیا ہے۔

شریف خاندان میں کوئی اختلاف نہیں ہیں، شہباز شریف میرے چچا ہیں۔ میرا اورچچا کا انتہائی ادب و احترام اور پیار محبت کا رشتہ ہے ،مخالفین نے 30 سال سے دونوں بھائیوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی، شریف خاندان میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں،اﷲ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شریف خاندان متحد ہے اور ان شاء اﷲ متحد ہی رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چچا پارٹی کے صدر ہیں،ہرمعاملے پرانکواعتماد میں لینا میرے فرائض میں شامل ہے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں