وزیراعظم عمران خان کا ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان حقیقت بنانے کی تیاریاں

پنجاب حکومت نے وزیراعظم کے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پلان تیار کر لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 25 جون 2019 14:57

وزیراعظم عمران خان کا ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان حقیقت بنانے کی تیاریاں
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جون 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کی جانب سے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کے اعلان کو حقیقت میں بدلنے کے لیے پنجاب حکومت نے تیاری کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے وزیراعظم عمران خان کے ایک کروڑ ملازمتیں پیدا کرنے کے اعلان کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پلان تیار کر لیا ہے۔ پنجاب حکومت رواں سال ہی اس حوالے سے عملی اقدامات کرے گی۔

پنجاب حکومت رواں سال کامرس سیکٹر 11 لاکھ 86 ہزار 656 نوکریوں کے مواقع پیدا کرے گی جس سے نوجوانوں کو بھی بھرپور فائدہ ہو گا۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق رواں سال 10 ہزار 769 ایکٹر پر بنائی جانے والی قائداعظم اپریل انڈسٹریل اسٹیٹ 2 کے تحت لاکھ 782 نوکریاں مہیا ہوں گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے پراجیکٹ پر 22 ارب 79 کروڑ کی رقم مختص کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے دستاویزات میں کہا گیا کہ 23 ارب 50 کروڑ سے فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں 3 لاکھ 30 ہزار نوکریاں مہیا ہوں گی جبکہ پنجاب انٹرپنیور پروگرام کے ذریعے 4 لاکھ 50 ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب حکومت کی جانب سے رواں سال 3 ارب کی خطیر رقم سے لون مارک اپ پروگرام شروع کیا جائے گا جس سے نوجوانوں کو 1لاکھ 12 ہزار 125 نوکریاں ملیں گی۔

پنجاب حکومت کی 2 ارب 50 کروڑ کریڈٹ گارنٹی اسکیم سے 93 ہزار 750 نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ پنجاب حکومت رواں سال 12 ارب کی خطیر رقم سے بے روزگار یوتھ کے تحت 50 ہزار بے روزگار نوجوانوں کو قرضے بھی فراہم کرے گی۔ پنجاب حکومت ذرائع کے مطابق 5 سال کے دوران مختلف شعبہ جات میں 1 کروڑ نوکویوں کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔خیال رہے کہ ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ بھی پاکستان تحریک انصاف کے انتخابی منشور میں شامل تھا جس کے تحت وزیراعظم عمران خان نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا اعلان کیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں