وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص اشیاء کے خلاف بڑی کارروائی

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں 7 گھنٹے طویل آپریشن، ایکسپائر غیر ملکی اشیاء کی تاریخ تبدیلی کا مکروہ دھندہ بے نقاب گلبرگ کے علاقے میں معروف چین کی 3 کافی آوٹ لیٹس، 2گودام سیل ،7 ہزار 954 کلو گرام ملکی و غیر ملکی زائدالمیعاد کافی فلیورز، چائے پتی اور پاؤڈر برآمد

منگل 25 جون 2019 20:59

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ناقص اشیاء کے خلاف بڑی کارروائی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پوش علاقوں میں ناقص اشیاء کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایکسپائرڈ غیر ملکی اشیاء کی تاریخ تبدیلی کا مکروہ دھندہ بے نقاب کر دیا۔7 ہزار 954 کلو گرام ملکی و غیر ملکی زائدالمیعاد کافی فلیورز، چائے پتی اور پاؤڈر برآمدکر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کی سربراہی میں 7 گھنٹے طویل آپریشن کرتے ہوئے ایکسپائر غیر ملکی اشیاء کی تاریخ تبدیلی کا مکروہ دھندہ بے نقاب کر دیا ہے۔گلبرگ کے علاقے میں معروف چین کی 3 کافی آوٹ لیٹس اور2گودام سیل کر دیے گئے۔کارروائی کے دوران 7 ہزار 954 کلو گرام ملکی و غیر ملکی زائدالمیعاد کافی فلیورز، چائے پتی اور پاؤڈر برآمدکر لی گئی۔

(جاری ہے)

ایک ہزار 140کلو ایکسپریسو کافی، 702 کلو ماچا گرین ٹی،447 کلو وائٹ چاکلیٹ پاؤڈر، 480 کلو امپورٹڈ چائے ،352 کلو مختلف پاؤڈر اور سیرپ، 1210کلو سپیشل ڈچ ہاٹ چاکلیٹ ڈرنک اور1620 کلوفرنچ ڈیلیکس ہاٹ ونیلا ڈرنک پاؤڈر برآمد کیا گیا۔مزید برآں1328 کلو ہاٹ چاکلیٹ اور 635 کلو ڈارک چاکلیٹ بھی برآمد کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھاکہ زائدالمیعاد ا شیاء کی ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کر کے دوبارہ لیبلنگ کی جار ہی تھی۔

زائد المیعاد اور تاریخ تبدیل شدہ اشیاء ضبط کرتے ہوئے باقی سٹاک کے دستاویزی ثبوت جمع کروانے کا نوٹس دے دیا ہے۔کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر آؤٹ لیٹس اور گودام مالکان کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے کئی دنوں کی ریکی سے مکروہ کام کا سراغ لگایا۔انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق بلا تفریق کاروائیاں کر رہے ہیں۔ مافیا جتنا بھی طاقتور ہو، حکومت پنجاب ملاوٹ کے جڑ سے خاتمے کے لیے پر عزم ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں