اے پی سی کا پہلا شو ہی ناکام ہو گیا‘عوام کو اے پی سی سے زیادہ کرکٹ میچ سے دلچسپی رہی‘

اپوزیشن کا استعفوں و بائیکاٹ کا ایجنڈا ناکام ہو گا‘ اے پی سی جیسے ہتھکنڈے عمران خان کو دباؤ میں نہیں لا سکتے‘ کوئی راستہ نہیں روک سکتا‘ نیا پاکستان بننے جا رہا ہے ‘مطالبات زر کے بعد فنانس بل بھی بھاری اکثریت سے منظور ہوگا ‘سید صمصام علی بخاری

بدھ 26 جون 2019 22:49

اے پی سی کا پہلا شو ہی ناکام ہو گیا‘عوام کو اے پی سی سے زیادہ کرکٹ میچ سے دلچسپی رہی‘
لاہور۔26 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ اے پی سی کا پہلا شو ہی فلاپ ہو گیا۔عوام کو اے پی سی سے کہیں زیادہ دلچسپی پاکستان کے کرکٹ میچ سے رہی۔بلاول صاحب کا اے پی سی سے قبل از وقت چلے جانا معنی خیز ہے۔مولانا کا استعفوں اور بائیکاٹ کا ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا‘اے پی سی نے استعفوں کی بجائے کمیٹی بنانے کا بہتر فیصلہ کیا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے میڈیا کو دیئے جانے والے ایک بیان میں کیا‘ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ اے پی سی میں نان ایشوز پر سیاست چمکانے کی کوشش کی گئی‘مولانا کے سیاسی دسترخوان پر کرپشن پر سوچ بچار ہوئی جبکہ اے پی سی کے شرکاء نے ایک دوسرے سے دروغ گوئی کا مقابلہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ جمہوریت کے نام پر سازشیں کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔

اے پی سی جیسے ہتھکنڈے عمران خان کو دباؤ میں نہیں لا سکتے‘کوئی راستہ نہیں روک سکتا، نیا پاکستان بننے جا رہا ہے۔ صمصام بخاری نے کہا کہ گزشتہ روز شہباز شریف کی پیشی کہیں اور تھی اور وہ کہیں اور چلے گئے‘25 جولائی ہر محب وطن نے یوم تشکر کے طور پر منایا کیونکہ اس روز ہونے والے عام انتخابات میں دہائیوں سے باریاں لے کر ملکی خزانے سے کھلواڑ کرنے والی سیاسی جماعتوں کی بساط لپیٹ دی۔

الیکشن کے بعد ایک سال مکمل ہونے پر قوم چوروں اور لٹیروں سے نجات کا دن منارہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلزپارٹی کا ایجنڈا مولانا سے قطعی مختلف ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ فنانس بل اور بجٹ کی کامیابی سے تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں‘ پنجاب اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے عمل کا شاندار آغاز خوش آئندہے‘ مطالبات زر کے بعد فنانس بل بھی بھاری اکثریت سے منظور ہوگا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا یہ بازو آزمائے ہوئے ہیں‘پنجاب میں 43مطالبات زر منظور ہوئے مگراپوزیشن کچھ نہیں کر سکی‘پنجاب کی طرح وفا ق میں بھی بجٹ کی منظوری یقینی ہے‘ اپوزیشن نے اپنے مفادات کیلئے بجٹ کو ایشو بنانے کی ناکام کوشش کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں