نہ قطار نہ انتظار، وزیراعلیٰ نے ملازمین کیلئے پنشن کے نئے نظام کا افتتاح کردیا، نئے نظام کے تحت پنشنروں کو ادائیگی ان کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ہوگی، دائرہ کار پورے صوبے تک وسیع کیا جائے گا،بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ادائیگی ہونے سے پنشنرز کو تکلیف دہ مراحل سے نجات ملے گی، دفتری کارروائی بھی مختصر کردی گئی،وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کاافتتاحی تقریب سے خطاب

منگل 1 جنوری 2013 19:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں اچھی طرز حکمرانی کو فروغ دیا گیا ہے اور شہریوں کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ سرکاری ملازمین کو پنشن کی ادائیگی کا جدید نظام بھی گڈگورننس کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ پنشن کے نئے نظام کے تحت ملازمین کو تنخواہوں کی طرح پنشن بھی ان کے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ملے گی جس سے انہیں پنشن کے حصول کیلئے تکلیف دہ مراحل سے نجات ملے گی۔

وہ ایوان وزیراعلیٰ میں پنشن کی ادائیگی کے جدید نظام کے اجراء کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سینیٹر پرویز رشید، صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری خزانہ اور دیگر محکموں کے سیکرٹریز اور متعلقہ حکام تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ہر شعبے میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دے کر سفارش اور اقربا پروری کا خاتمہ کیا ہے۔

گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں تمام شعبوں میں شفافیت اور میرٹ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا ہے۔پنجاب حکومت کے تعلیم، صحت، فراہمی انصاف اور دیگر سماجی پروگراموں میں انصاف کی چھاپ نمایاں ہے اور تمام پروگراموں میں شفافیت اورمیرٹ کو اولیت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنشن کے جدید نظام کا اجرا صوبائی حکومت کا ایک اور انتہائی اہم اور قابل تحسین اقدام ہے جس سے لاکھوں ملازمین مستفید ہوں گے۔

انہوں نے پنشن کا جدید نظام متعارف کرانے پر چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس نظام پر پوری طرح عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ لاہور سے بطور پائلٹ پراجیکٹ شروع کئے گئے پنشن کے جدید نظام میں جنوبی پنجاب اور مرکزی پنجاب کے ایک ایک ضلع کو بھی شامل کیا جائے اور اس پروگرام کو صوبے کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنشن کے جدید اور مربوط نظام کا اجرا آج سے کیا جا رہا ہے اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے پر متعلقہ اداروں کے سربراہان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کو نئے سال کی آمد پر یہ اعزاز حاصل ہو رہا ہے کہ اس نے سرکاری ملازمین کیلئے پنشن کا حصول آسان بنانے کیلئے یہ تاریخ ساز نظام وضع کیا ہے اور پاکستان کی تاریخ میں پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں پر پنشن کا یہ جدید نظام رائج کیا جا رہا ہے۔

قبل ازیں سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے پنشن کی ادائیگی کا نیا طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے تحت پنشن کی ادائیگی صرف کمپیوٹرائزڈ پنشن رول کے ذریعے ہوگی۔ نئے طریقہ کار کا اطلاق ان سرکاری ملازمین پر ہوگا جو یکم جنوری 2013 سے اپنی 60 سال کی عمر پوری کرکے سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوں گے۔ ایسے ملازمین کو کمیوٹیشن اور ماہانہ پنشن کی ادائیگی براہ راست ان کے بینک اکاؤنٹ میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ اس میں پنشن کی منظوری کیلئے دفتر ی کارروائی کو مختصر کردیا گیا ہے اور پنشن کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنشن کی منظوری اورادائیگی کا مروجہ طریقہ کار دشوار اور وقت لیوا ہے۔ یہ طریقہ کار پاکستان بننے سے رائج رہا ہے جس کے تحت پنشنرز کو ذاتی طور پر خزانہ افسر کے روبرو پیش ہونا پڑتا ہے اور ہر ماہ صرف نیشنل بینک سے پنشن لینی پڑتی ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت پنشنر کسی بھی شیڈولڈبینک سے پنشن لے سکے گا یا اے ٹی ایم یا ڈیبٹ کارڈ سے اپنی پنشن نکلوا سکے گا۔ چیف سیکرٹری پنجاب ناصر محمود کھوسہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنشن کا جدید نظام سرکاری ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے اور یہ ملک کی تاریخ کا منفرد نظام ہے۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے ماہ جنوری میں ریٹائرہونے والے 20 ملازمین کو پنشن پے آرڈر بھی دیئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں