میاں محمد نوازشریف اور پختونخواہ عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ،انتخابی اور سیاسی اتحادسمیت دیگر امور پر مستقبل میں بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ،آئندہ چند دنوں تک دونوں رہنماؤں کی اہم ملاقات کی متوقع،ملک کو بچانے کا واحد راستہ ملک میں بروقت شفاف انتخابات ہیں، جو کوئی بھی انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گا وہ جمہوریت دشمنی کے مترادف ہو گا، (ن)لیگ کو پاکستان کے 18کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے،کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی اور آنے والی حکومت (ن)لیگ او ر پاکستان کے عوام کی ہو گی،میاں نوازشر یف کی وفد سے گفتگو

منگل 1 جنوری 2013 20:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدرمیاں محمد نوازشریف اور پختونخواہ عوامی ملی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ،انتخابی اور سیاسی اتحادسمیت دیگر امور پر مستقبل میں بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ،آئندہ چند دنوں تک دونوں رہنماؤں کی اہم ملاقات کی متوقع جبکہ (ن)لیگ کے صدر میاں محمد نوازشریف کا پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا ہے کہ (ن)لیگ کو پاکستان کے 18کروڑ عوام کی حمایت حاصل ہے اسلئے کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی اور آنے والی حکومت (ن)لیگ او ر پاکستان کے عوام کی ہو گی ۔

مسلم لیگ (ن)کے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل کے روز مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد نوازشریف اور محمود خان اچکزئی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال ،آئندہ انتخابات ،بلوچستان کی صورتحال کے علاوہ دونوں جماعتوں کے تعلقات سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کاکہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطے رکھنے پر اتفاق کیا ہے اور چند دنوں تک لاہورمیں دونوں رہنماؤ ں کی ملاقات بھی متوقع ہے جبکہ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدرمیاں نوازشریف نے مسلم لیگ (ن)یوتھ ونگ کے صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف رندھاوا ، مر کزی جمعیت اہلدیث کے حافظ عبد الکر یم ،حافظ اسامہ اور دیگر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کو بچانے کا واحد راستہ ملک میں بروقت شفاف انتخابات ہیں اور جو کوئی بھی انتخابات کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گا وہ جمہوریت دشمنی کے مترادف ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کی کوشش کرنے والے عوام کے خیر خواہ نہیں جو خود کو مقبول سمجھتے ہیں ان کو آئندہ انتخابات میں حصہ لینا چاہیے اور حکومت میں لانے اورلے جانے کا اختیار صرف اور صرف پاکستان کے عوام کے پاس ہے ۔انہوں نے کہاکہ (ن)لیگ کو کمزور کرنے والے عناصر اپنے ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہوں گے اور آئندہ انتخابات میں (ن)لیگ کلین سوئپ کرے گی اور آنے والی حکومت ہمار ی ہو گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں