اسلام آباد کے حکمرانو ں کی کرپشن نے بڑے دکھ دیئے، شہباز شریف درد دل سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں‘،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طالب علم کا وزیراعلیٰ کو تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات پر خراج تحسین،وائس چانسلر کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں شہباز شریف ڈیبیٹنگ گولڈمیڈل کے اجراء کا اعلان

جمعرات 3 جنوری 2013 19:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3جنوری۔ 2013ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ہونہار طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طالب علم سعدالحسن نے وزیر اعلی شہباز شریف کو تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ طالب علم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے حکمرانوں کی کرپشن اور مہنگائی نے ہمیں بڑے دکھ دیئے ہیں۔

قید و بند اور جلاوطنی برداشت کرنے والی با حوصلہ اور جرأت مند قیادت وزیراعلیٰ شہباز شریف درد دل سے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ اپنے وسائل پر بھروسہ کرکے کشکول گدائی توڑ کر ملک کی معیشت کو سہارا دیا جاسکتا ہے۔ پنجاب میں کی گئی تعلیمی اصلاحات کو پورے ملک میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ قوم کے ہر بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاسکے۔

(جاری ہے)

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خلیق الرحمن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عجیب اتفاق ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اپنے قیام کے 150 ویں سال میں داخل ہو رہی ہے اور آج منعقدہ تقریب میں شہباز شریف سمیت اولڈ راوین موجود ہیں۔

اس تعلیمی ادارے نے عظیم شاعر، فلاسفر، سائنسدان پیدا کئے ہیں جو ملکی و بین لاقوامی سطح پر گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے انقلابی اقدامات کرنے پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں شہباز شریف ڈبیٹنگ گولڈمیڈل کے اجراء کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تعلیمی پروگراموں سے نہ صرف پنجاب بلکہ پاکستان بھر کے ہونہار طلبا و طالبات مستفید ہو رہے ہیں۔ شہباز شریف نے سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم کے فروغ کی سرپرستی کرکے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں