پنجاب اسمبلی ، حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی نے ڈاکٹر طاہر القادری کو جمہوریت کیخلاف ”فتنہ “قرار د یدیا

جمعرات 3 جنوری 2013 19:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3جنوری۔ 2013ء) پنجاب اسمبلی کے حکومتی اور اپوزیشن اراکین اسمبلی نے ڈاکٹر طاہر القادری کو جمہوریت کیخلاف ”فتنہ “قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہا انتخابات کیخلاف طاہر القادری سمیت کسی کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے ہر صورت مقررہ وقت پر انتخابات کروائے جائیں گے۔

جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی شوکت بسراء، قمر حیات نولاٹیا، فائزہ ملک، ساجدہ میر سمیت دیگر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جانوں کے نذرانے دیکر جمہوریت کا تحفظ کیا ہے اور آئندہ بھی جمہوریت کیخلاف کسی بھی قسم کی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے، لانگ مارچ کرنیوالے جمہوریت کیخلاف فتنے کا کردار ادا نہ کریں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے رانا محمد ارشد، شیخ علاؤ الدین، اصغر علی منڈا اور سیف الملوک کھوکھر سمیت دیگر نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت بچانے اور عوامی مسائل کے حل کا واحد اور فوری راستہ بروقت انتخابات ہیں اور (ن) لیگ کی قیادت کا دو ٹوک موقف ہے کہ کسی بھی صورت عام انتخابات میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری ریمورٹ کنٹرول سیاستدان ہیں اور ان کو جہاں سے کنٹرول کیا جا رہا ہے وہ ہم اچھی طرح جانتے ہیں اور یہ وہی قوتیں ہیں جو (ن) لیگ کو اقتدار میں نہیں دیکھنا چاہتی لیکن اس کے باوجود نواز شریف ہی ملک کے اگلے وزیراعظم ہو نگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں