ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے والے اربوں کی کرپشن سامنے آںے پر بوکھلا گئے

ن لیگ کی سیاست گلوبٹ، پومی بٹ اور ناصر بٹ جیسے فراڈیوں کے گرد گھومتی ہے،شہباز گل

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 16 جولائی 2019 06:37

ایک دھیلے کی کرپشن نہ کرنے والے اربوں کی کرپشن سامنے آںے پر بوکھلا گئے
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی2019ء)   ہم کام کریں یا نہ کریں ایک دوسرے پر الزام لگانے اور انہیں منہ توڑ جواب دینے میں ماہر تصور کیے جاتے ہیں۔کبھی اپوزیشن حکومت کو لتھاڑتی نظر آتی ہے تو کبھی حکومت اپوزیشن کے چھکے چھڑاتی نظر آتی ہے مگر یہ سب ہے محض لفظی گولہ باری باقی عملی طور پر نہ تو اپویشن میں دم خم نظر آتا ہے اور نہ ہی حکومت دو قدم آگے بڑھ کر اپوزیشن کے گریبان میں ہاتھ ڈالتی نظر آتی ہے۔

آج کل ڈیلی میل اخبار کی رپورٹ پر طوفان مچا ہوا ہے۔اس حوالے سے ترجمان پنجاب حکومت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پر خوب تنقید کی۔شہباز گل نے کہا کہ شاہدخاقان عباسی نے شہباز شریف کے داماد کی کمپنی اور چیک وصولی کی تردید نہیں کی۔ شہبازشریف دعویٰ کرتے تھے ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت نہں ہوئی، شہبازشریف اربوں کی کرپشن سامنے آنے پر بوکھلا گئے ہیں۔

(جاری ہے)

موصوف پریس کانفرنس میں سوالوں کے جواب دینے کی بجائے آئیں بائیں شائیں کرتے ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ ن لیگ اپنے خلاف کرپشن کے تمام ثبوت متنازع بنانے کی ناکام کوشش کرتی ہے۔ شاہد خاقان بتائیں شریف خاندان کا منظور پاپڑ والے اور مشتاق چینی سے کیا تعلق ہے؟ ن لیگ کی سیاست گلوبٹ، پومی بٹ اور ناصر بٹ جیسے فراڈیوں کے گرد گھومتی ہے۔شہبازگل نے کہا کہ حکومت کرپٹ عناصر اور چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کررہی ہے، ن لیگ کرپٹ مفروروں اوراشتہاریوں کے دفاع کے مشن پر ہے۔

یاد رہے کہ برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دی گئی امداد میں شہباز دور میں برطانوی امدادی ادارے نے لگ بھگ 50 کروڑ پائونڈ پنجاب کو دیئے۔تاہم برطانوی امدادی ادارے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ نے اس رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے وضاحتی بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ڈیلی میل نے اپنی اسٹوری کو سچ ثابت کرنے کے لیے کم ثبوت پیش کیے۔

ڈی ایف آئی ڈی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2005 کے زلزلے کے بعد برطانیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کے ارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی (ایرا) کو اسکولوں کی تعمیر کے لیے امداد دی گئی جو تعمیر ہوئے اور ان کا آڈٹ بھی کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برطانوی اخبار کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے،اور ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔ 

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں