طاہر القادری الیکشن لڑلیں، ان کے کاغذات مسترد کرادوں گا،ثابت کروں گا کہ طاہر القادری صادق اور امین نہیں ، وہ ڈرامہ بازی کررہے ہیں ،صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں کی میڈیاسے گفتگو

جمعرات 3 جنوری 2013 23:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3جنوری۔ 2013ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اللہ خاں نے کہاہے کہ طاہر القادری کا لانگ مارچ انتخابات کو موخر کرنے کا بہانہ ہے اور14 جنوری سے قبل نگران سیٹ اپ کے حوالے سے وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے کوئی مشاورت نہیں کی۔وہ جمعرات کویہاں احاطہ اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

راناثناء اللہ خاں نے کہاکہ توقیر صادق اور شیخ الاسلام کے درمیان تھوڑا فرق ہے توقیر صادق ملک کا پیسہ لے کر فرار ہوا ہے جبکہ شیخ الاسلام غریب عوام کا پیسہ لوٹ رہے ہیں - انہو ں نے کہاکہ طاہر القادری اس وقت سے ڈرامہ بازی کے عادی ہیں جب وہ مولوی طاہر القادری تھے - انہو ں نے کہاکہ 65سالوں میں اگر ملک میں اب جمہوریت نے جڑ پکڑ لی ہے ، عوام اپنے ووٹ سے تبدیلی اور فیصلہ دینے جارہے ہیں تو اس مرحلہ پر طاہر القادری کا حقیقی جمہوریت برآمد کرنے کا ڈرامہ ملک و قوم کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے- اس اقدام کی قطعی حمایت نہیں کی جاسکتی - وزیرقانون نے کہاکہ طاہر القادری کو اگر کوئی امیدوار صادق اور امین نظر نہیں آتا تو انہیں چاہیے کہ وہ الیکشن کمیشن کے پاس جائیں اور اس کے کاغذات نامزدگی مسترد کروائیں - انہوں نے کہاکہ طاہر القادری کو چاہیے کہ وہ اپنی کینیڈین شہریت چھوڑ یں اور اپنا پاسپورٹ واپس کریں اور کسی بھی حلقہ سے الیکشن لڑیں ، میں ان کے خلاف الیکشن لڑوں گا - میں دعوی سے کہتا ہوں کہ میں آئین کے آرٹیکل 62 کی شرائط کے مطابق ان کے کاغذات مسترد کراؤں گا اور یہ ثابت کروں گا کہ وہ صادق اور امین نہیں ہیں -رانا ثناء اللہ خاں نے کہاکہ نائب وزیراعظم اب خود جلسے کرنے کی بجائے شیخ الاسلام کی طرف جاتے ہیں - انہو ں نے کہاکہ یہ الیکشن بیزار اور مایوس قوتیں ہیں - انہوں نے کہاکہ اگر ملک میں جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کی گئی تو پاکستان مسلم لیگ (ن) ان قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں