وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا موسلادھاربارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ،

خود گاڑی ڈرائیو کی شملہ پہاڑی،بوہڑ والا چوک،مال روڈ، منٹگمری روڈ،لکشمی چوک،جی پی او چوک ودیگر علاقوںمیں صورتحال کا جا ئزہ لیا،بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اوربچوں کو گاڑی میںبٹھا کر متعلقہ مقام پر پہنچایا نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا، نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کریں گے، عثمان بزدار وزیراعلیٰ کی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر آمد، کیمروںکے ذریعے شہر میں شدید بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لیا

منگل 16 جولائی 2019 22:15

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکا موسلادھاربارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے موسلادھاربارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خود گاڑی ڈرائیو کی اور شملہ پہاڑی،بوہڑ والا چوک،مال روڈ، منٹگمری روڈ،لکشمی چوک،جی پی او چوک اوردیگر علاقوں میںشدیدبارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جا ئزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے بارش کے پانی میں پھنسی خواتین اوربچوں کو اپنی گاڑی میںبیٹھایا اورانہیں ان کے متعلقہ مقام پر پہنچایا۔وزیراعلیٰ نے اپنے دورے کے دوران نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیااورشہریوں سے نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے انتظامات کے بارے میں پوچھا۔شہریوں نے سڑکوں پرپانی کھڑا ہونے کی شکایات کی جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج اپنے عوام کی مشکلات کا خود جائزہ لینے نکلا ہوں اورانشاء اللہ انتظامیہ اورواسا حکام نکاسی آب کے کام کو جلد مکمل کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پرانتظامی افسران اورواسا حکام کوہدایت کی کہ جتنی جلدی ممکن ہوسکے نکاسی آب کا کام مکمل کیا جائے اورنکاسی آب کے لئے تمام تر وسائل اورمشینری بروئے کار لائی جائے ۔وزیراعلیٰ نے انتظامیہ اور واسا حکام کوپانی کے نکاس کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامی افسرا ن اورواسا حکام نکاسی آب مکمل ہونے تک فیلڈ میں خود موجود رہیں۔

انہوںنے کہا کہ بارش کے دوران سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس مستعدی سے کام کرے ۔انہوںنے کہا کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعوی کرنے والوں نے شہر میں پانی کے نکاس کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا۔شہر میں سفید ہاتھی نما منصوبہ بنانے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام نہیں کیا۔انہوںنے کہا کہ شہریوںکی مشکلات کا جلد ازالہ کیا جائے گا۔

میںعوام سے ہوں اورعوام کی مشکلات کے جلد ا زالے کیلئے انتظامیہ کو متحرک کردیاہے ۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارشہر کے مختلف علاقوں کے دورے کے بعدپنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر پہنچ گئے ۔وزیراعلیٰ نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروںکے ذریعے شہر میں شدید بارش سے پیدا ہونیوالی صورتحال کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے مختلف سڑکوں پر پانی کی صورتحال کاکیمروںکے ذریعے معائنہ کیا اورنکاسی آب کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ نے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کا بھی مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ شدید بارش سے شہریوں کیلئے پیدا ہونے والی تکلیف کو خود محسوس کیا ہے اورہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں ۔میں اس مشکل صورتحال میں اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑا ہوں ۔نکاسی آب کو جلد سے جلد یقینی بنایا جائے گا۔ترجمان وزیراعلیٰ ڈاکٹر شہباز گل بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں