’’امین‘‘ ہونے کے جھوٹے دعویداروں کے چہرے 22 کروڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں‘عثمان بزدار

قومی وسائل میں خیانت کرنیوالوں کو حساب دینا ہوگا، گزشتہ حکومتوں نے ریکارڈ کرپشن کرکے پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج کیا تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف جہاد جاری رکھے گی، کرپٹ عنا صر کو ملکی ترقی میں حائل نہیں ہونے دیں گے

منگل 16 جولائی 2019 22:15

’’امین‘‘ ہونے کے جھوٹے دعویداروں کے چہرے 22 کروڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں‘عثمان بزدار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے ملک و قوم کے دشمن ہیں۔ ’’امین‘‘ ہونے کے جھوٹے دعویداروں کے چہرے 22 کروڑ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ قومی وسائل میں خیانت کرنے والوں کو پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ریکارڈ کرپشن کرکے پاکستان کو معاشی طور پر مفلوج کیا۔

سابق حکمرانوں کی کرپشن کے سیکنڈل ہر روز منظر عام پر آ رہے ہیں۔ کرپٹ عناصر نے پاکستان کے ساتھ جو ظلم اور زیادتی کی وہ ناقابل معافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا موقع ہے کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہو رہی ہے۔اپوزیشن کا اتحاد اور واویلا سرکاری خزانے سے ذاتی تجوریاں بھرنے والوں کو نہیں بچا پائے گا۔

(جاری ہے)

سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے معاشی بگاڑ پیدا ہوا۔

گزشتہ ادوار کی خرابیوں کو دور کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میںمنصوبوں کے نام پر کرپشن کا بازار گرم کیا گیا۔غریب عوام کے لوٹے گئے وسائل کا حساب پوری قوم مانگ رہی ہے۔جن لوگوں نے سیاست کی آڑ میں لوٹ مار کی، ان کا یوم حساب آن پہنچا ہے اور کرپشن زدہ لوگوں کو ناجائز ذرائع سے حاصل کی گئی دولت کے چھن جانے کا خوف ہے۔

کرپٹ عناصر احتساب سے بچنے کیلئے حیلے بہانے تراش رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کوبدحال کرکے خود کو خوشحال کرنے والوں کو قوم پہچان چکی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خلاف جہاد جاری رکھے گی۔ کرپٹ عنا صر کو ملکی ترقی میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔ کرپشن کے نا سور نے ملک کو زوال پذیر کیا ۔ گزشتہ حکومتیں قومی خزانے میں کرپشن نہ کرتیں تو آج ملک خوشحال ہوتا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے اپنے ادوار میں عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے معیشت کوتباہ کرنے میںکوئی کسر نہیں چھوڑی۔ ہم قومی خزانے کے امین ہیں اور سرکار کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر ہی خرچ ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلدمشکلات ختم ہو جائیں گی اورپاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں