ویڈیو سکینڈل کے مقدمے میں نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں

جج ارشد ملک کی ویڈیو ٹیمپرنگ کرنے کے الزام میں مریم نواز، شہباز شریف سمیت ن لیگ کے رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج ہے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 18 جولائی 2019 10:57

ویڈیو سکینڈل کے مقدمے میں نامزد  ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2019ء) مبینہ ویڈیو سکینڈل کے معاملے میں ایف آئی اے سائیبر ونگ نے لیگی رہنماؤں سے پوچھ گچھ کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جب کہ ایف ائی اے سائبر ونگ کی ایک ٹیم لاہور پوچھ گچھ کے لیے جائے گی۔جج ارشد ملک کے مطابق لیگی رہنما نے طارق محمود سے ویڈیو خریدی تھی۔

مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔جب طارق محمود کو جمعہ کے روز عدالت میں پیش کر کے مزید ریمانڈ لیا جائے گا۔واضح رہے ویڈیو سکینڈل کے بعد جج ارشد ملک کو عہدے سے تو ہٹایا گیا مگر ان کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی گئی بلکہ جج ارشد ملک کی ہی شکایت پر مریم نواز اور مسلم لیگ کے اور سربراہوں کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو سامنے لانے پر مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق جج ارشد ملک کی شکایت پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ نے الیکٹرانک کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کردیاہے۔ مقدمے میں مریم نواز، شہبازشریف، شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف ، عظمیٰ بخاری، پرویز رشید، احسن اقبال و دیگر کو نامزد کیا گیا۔

ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مریم نواز نے ویڈیو ہیر پھیر کر کے دکھائی اور اسے ٹیمپر کر کے الیکٹرانک فارجری بھی کی۔ایف آئی آراندراج کے بعدویڈیوبلیک میلنگ اسکینڈل میں میاں رضا نامی نیا کردار بھی سامنے آیا جس نے ویڈیو میاں طارق سے خرید کر اسے آگے فروخت کیا۔ جج ارشدملک کی ہی شکایت پر ایف آئی اے نے دبئی فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے میاں طارق کو گرفتارکیا۔

متن میں کہا گیا ہے کہ جب ملتان میں ڈسٹرکٹ جج تھا تو میاں طارق نے غیراخلاقی ویڈیوبنائی۔5ماہ پہلے میاں طارق نے ویڈیو مسلم لیگ ن کے رہنمامیاں رضا کو فروخت کی، ویڈیو کے ذریعے ناصرجنجوعہ،ناصربٹ،خرم یوسف، مہرگیلانی نے بلیک میل کیا اور کہا کہ نوازشریف کی مدد کرو۔جج ارشد ملک کی درخواست پر کاٹی جانے والی ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ بلیک میل کرکے کہاجاتاتھا کہ تاثر پیش کروں نوازشریف کے خلاف فیصلہ دبائومیں دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں