کرپشن میں ملوث سیاستدان ووٹوں نہیں نوٹوں کی وجہ سے گرفتار ہو رہے ہیں‘

اپوزیشن رہنما پریس کانفرنسیں کرنے کی بجائے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں‘ شاہد خاقان عباسی کو نیب نے پکڑا ،نوازلیگ یہ گرفتاری حکومت پر ڈالنا چاہتی ہے، سیدصمصام بخاری

جمعرات 18 جولائی 2019 19:47

کرپشن میں ملوث سیاستدان ووٹوں نہیں نوٹوں کی وجہ سے گرفتار ہو رہے ہیں‘
لاہور۔18 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث سیاستدان ووٹوں نہیں نوٹوں کی وجہ سے گرفتار ہو رہے ہیں۔ نوازلیگ جتنا مرضی شور مچالے احتساب سے نہیں بچ سکتی۔ آخری کرپٹ کی گرفتاری تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

اپنے ایک بیان میں سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ پاکستان اور کرپشن کسی قیمت پر ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ نوازلیگ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری بھی حکومت پر ڈالنا چاہتی ہے حالانکہ گرفتار ہونے والے سابق وزیراعظم اپنے اوپر کرپشن کے الزامات کی وجہ سے نیب کے شکنجے میں آئے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن رہنما پریس کانفرنسیں کرنے کی بجائے لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کریں اور عوام کو گمراہ کرنے کی روش ترک کر کے اپنا حساب دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین سینٹ کے معاملے میں بھی حکومت سرخرو ہو گی۔ اپوزیشن اپنے منفی عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے گی۔ محرم کے بعد لاک ڈائون کرنے کی دھمکی پوری نہیں ہو گی۔ انہوںنے کہا کہ کلبھوشن کیس میں پاکستان کو واضح فتح ہوئی۔ نوازشریف نے بطور وزیراعظم کبھی کلبھوشن کا نام تک نہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو نمایاں سفارتی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

صوبائی وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ لاہور خوش آئند ہے۔ پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق حکومت ہر محکمے میں بہتری لا رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی پنجاب کے تمام معاملات پر گہری نظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں صوبہ مزید کامیابیاں حاصل کرے گا۔ پرفارمنس پر مبنی حقائق کے مطابق صوبے کی ترقی کا آئندہ لائحہ عمل طے کر لیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پنجاب کو مثالی صوبہ بنانا چاہتے ہیں۔ ہر شعبہ زندگی میں اصلاحات ہمارا بنیادی ایجنڈا ہے۔ حکومت درست سمت کا تعین کرتے ہوئے تمام چیلنجز کا بخوبی سامنا کر رہی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں