عمران خان!آپ کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا

احتساب کے نام پرمسلم لیگ ن کے خلاف بدترین انتقام ہے، شہباز شریف

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعہ 19 جولائی 2019 06:39

عمران خان!آپ کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جولائی2019ء)   شاہد خاقان عباسی گرفتار ہو چکے ہیں اور اپوزیشن نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے اور حکومت پر خوب تنقید کی جارہی ہے۔اسی حوالے سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے شاہد خاقان عباسی کو ایک بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا اور یہ گرفتاری حکومت اور نیب کی ملی بھگت ہے، عمران خان کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج عمران نیازی اور نیب کی ملی بھگت سے مسلم لیگ ن کی قیادت پر بھرپور وار ہوا ہے، آج ایک بھونڈے طریقے سے شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرنے کے لیے نیب کے پاس وارنٹ نہیں تھے، ڈی جی نیب نے انہیں پہلے واٹس ایپ پیغام دکھایا جبکہ پھر انہیں وارنٹ گرفتاری کی کاپی دکھا کر حراست میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یہ وہ تماشا ہے جو عمران خان اور نیب کی ملی بھگت سے لگا ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان نے 11 ماہ میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا اور اس تباہ شدہ معیشت کے جنازے کو ان گرفتاریوں کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں، جبکہ ظلم و زیادتی کرکے عوام کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اس ملک کے غریب عوام کا دکھ درد تھا اور ہے، اسی کو دیکھتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں نچلی سطح پر اضافہ نہیں کیاتھا اور آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن نہیں لی گئی۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے مزید کہا کہ شاہد خاقان کا قصور کیا ہے کہ وہ نواز شریف کا ساتھی ہے اور دلیر آدمی ہے جو سمجھوتہ نہیں کرتا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ احتساب کہاں ہے، شفاف انصاف پر مبنی احتساب پاکستان میں کہاں ہے، یہ احتساب کے نام پر مسلم لیگ ن کے خلاف بدترین انتقام ہے،اور قوم اس بات کو سمجھ چکی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں