آئی جی پنجاب کی پولیس افسران کو عوام کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھنے کی ہدایت

ملاقات کے لئے آنیوالے سائلین کو انتظار کرانا کسی صورت قبول نہیں ،کیپٹن (ر) عارف نواز خان

جمعہ 19 جولائی 2019 17:33

آئی جی پنجاب کی پولیس افسران کو عوام کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے کھلے رکھنے کی ہدایت
لاہور۔19 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز ، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے دفاتر کے دروازے شہریوں بالخصوص سائلین کیلئے کھلے رکھیں تاکہ ملاقات کیلئے آنیوالے کسی بھی شہری کو انتظار نہ کرنا پڑے اور ان کے مسائل کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر ممکن ہوسکے۔

آئی جی پنجاب نے افسران کو تاکید کی کہ وہ اپنے دفاتر میں عوامی شکایات سننے اور شہریوں سے ملاقات کیلئے مناسب اوقات مقرر کریں اور ان اوقات کار کی بھرپور تشہیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کی پولیس افسران تک براہ راست رسائی کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ یہ ہدایات سی سی پی اولاہور، تمام آرپی اوز اور ڈی پی اوزکے نام بھجوائے گئے مراسلے میں جاری کی گئیں۔

(جاری ہے)

مراسلے میں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ پولیس افسران واہلکار اپنے دفتری امورسمیت تمام میٹنگز عوامی مسائل سننے کیلئے طے کے گئے اوقات کا ر سے پہلے یا بعد میںنمٹائیں۔ مراسلے میں آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس دفاتر میں سائلین اور شہریوں کو افسران تک برا ہ راست رسائی نہ ملنے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ کسی بھی افسر کی دفتر میں موجودگی کے دوران شہریوں کا ملاقات کیلئے انتظار میں بیٹھے رہنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان ، مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے ، تمام افسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دروازے شہریوں کیلئے کھلے رکھیں اور انہیں درپیش مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنائیں ،مراسلے میں تمام افسران کو سختی سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ مندرجہ بالا ہدایات پر سختی سے نہ صرف خود عمل کریں بلکہ ماتحتوں کو بھی اسی طرز عمل کو اختیار کرنے کا پابند بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں