ڈیل کرنے کے لیے اپنے اصولوں کی قربانی نہیں دے سکتی

حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی،اسی لیے ڈیل کرنے کے پیغام بھجواتی ہے،مریم نواز

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 20 جولائی 2019 06:50

ڈیل کرنے کے لیے اپنے اصولوں کی قربانی نہیں دے سکتی
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 جولائی2019ء)   مشہور مسلمان فاتح طارق بن زیاد کا ایک جملہ آج بھی تاریخ میں جگمگا رہا ہے”کشتیاں جلا دو“۔میرے خیال میں مریم نواز بھی کشتیاں جلا چکی ہے۔ن لیگ کے بہت سارے راہنما اپنی پالیسی پر نرم ہونے کو تیار ہیں مگر مریم نواز آستینیں چڑھا کر میدان میں اتر چکی ہے۔وہ کسی بھی قیمت پر واپس پلٹنے کے لیے تیار نہیں کہ انہیں اپنے اصول قربان کرنا ہوں گے جس کے لیے وہ رضا مد نہیں۔

ڈیل اور ڈھیل سمیت این آر او کی آواز پہلے دن بلند ہوئی اور آج تک اس کی بازگشت سنائی دے دیتی ہے۔حکومت کہتی ہے کہ شریف خاندان این آر او کے لیے رابطہ کر رہا ہے جبکہ ن لیگ کے راہنما حکومت پر الزام لگاتے نظر آتے ہیں کہ ڈیل وہ خود کرنا چاہتے ہیں۔مگر حقیقت جو بھی ہو مریم نواز کی حد تک تو یہ بات واضح ہے کہ وہ حکومت سے ٹکر لینے کے لیے مکمل تیار ہے اوروہ اس کے لیے ایک قدم بھی پیچھے ہٹنے کو قطعی تیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے انکشاف کیا ہے کہ ہم سے بات چیت کے لیے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن نواز شریف اور میں تیار نہیں ہوئے۔احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں اور میاں صاحب بات چیت کے لوازمات پورے نہیں کر سکتے۔صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ وہ کون سے لوازمات ہیں جو آپ لوگ پورے نہیں کر سکتے جس پر مریم نواز نے کہا کہ بات چیت کے لیے اصولوں کی قربانی دیناپڑتی ہے جس کے لیے ہم تیار نہیں ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ڈیل دینے کی باتیں کرنے والے کو خود ڈیل کی ضرورت پڑ گئی ہے۔رہنما ن لیگ نے کہا کہ میں تو موجودہ حکومت کو 5 سال دینے کے لیے تیار ہوں لیکن عوام انہیں مدت مکمل نہیں کرنے دیں گے کیونکہ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔نائب صدر مسلم لیگ نے کہا کہ آج راولپنڈی سے ہمارے 150 کارکنان کو حراست میں لیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے جتنے قائدین کو گرفتار کرنا ہے کر لیں لیکن ہم ڈرنے والے نہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں